Get Alerts

پی ٹی آئی کا ایک اور امریکی لابنگ فرم کے ساتھ معاہدہ

پی ٹی آئی کا ایک اور امریکی لابنگ فرم کے ساتھ معاہدہ
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے ایک اور امریکی لابنگ فرم کے ساتھ معاہدہ کرلیا۔ امریکی فرم پی ٹی آئی اور امریکی حکومت کے درمیان بہتر تعلقات کیلئے ماہرانہ خدمات انجام دے گی۔

پاکستان تحریک انصاف چیئرمین عمران خان نے امریکا پر اس کی حکومت کا تختہ الٹنے کا الزام لگایا تھا تاہم اب پی ٹی آئی نے امریکا اور یہاں رہنے والے تارکین وطن کے ساتھ اچھے تعلقات استوار کرنے کے لیے ایک اور لابنگ فرم کی خدمات حاصل کر لی ہیں۔

گزشتہ روز منظر عام پر آنے والی دستاویزات  کے مطابق  پاکستان تحریک انصاف یو ایس اے نے واشنگٹن میں قائم لابنگ فرم پرایا کنسلٹنٹس ایل ایل سی کے ساتھ ایک معاہدہ کیا ہے۔

غیر ملکی ایجنٹوں کے رجسٹریشن ایکٹ کے تحت امریکی محکمہ انصاف کے پاس جمع کرائے گئے دستاویزات کے مطابق یہ معاہدہ 21 فروری کو چھ ماہ کی مدت کیلئے طے پایا تھا۔ نیویارک میں واقع پاکستان تحریک انصاف یو ایس اے اس لابنگ فرم کی اصل کلائنٹ ہے۔ باوقت ضرورت معاہدہ 31 جنوری 2024 تک توسیع بھی کیا جا سکتا ہے۔ اس فرم کو چھ ماہ 8 ہزار 300 ڈالر ماہانہ دینے کا پابند ہے۔ اس معاہدے کی مدت کے دوران فرم امریکا کی حکومت اور اداروں کے ساتھ کلائنٹ کے تعلقات کے بارے میں ماہرانہ مشورہ فراہم کرے گی۔

فرم کئی اہم امریکی فیصلہ سازوں کے ساتھ میٹنگز کا اہتمام کرے گی اور ان ملاقاتوں کے مواد کے لحاظ سے رہنمائی فراہم کرے گی۔

خیال رہے کہ گزشتہ سال اگست میں بھی پی ٹی آئی کی جانب سے امریکا میں لابنگ اور پبلک ریلیشن فرم Fenton/Arlook کی خدمات حاصل کرنے کا انکشاف ہوا تھا۔ ان خدمات میں صحافیوں کو مطلع کرنا اور بریفنگ دینا، مضامین اور نشریاتی مواد  کی ترتیب اور پلیسمنٹ، پی ٹی آئی کے نمائندوں یا حامیوں کے ساتھ انٹرویوز ترتیب دینا، سوشل میڈیا کے اقدامات پر رہنمائی پیش کرنا، اور اسی طرح کی دیگر عوامی رابطہ خدمات شامل تھیں تاہم فرم کی خدمات صرف یہیں تک محدود نہیں تھیں۔

بہت سے امریکی قانون سازوں اور اہم شخصیات نے حال ہی میں سابق وزیر اعظم عمران خان کا دفاع کیا ہے اور پاکستانی حکومت پر زور دیا ہے کہ وہ قانون کی حکمرانی کو برقرار رکھے۔

اس دوران انتظامیہ نے زبردستی اس خبر کا جواب دیا اور عمران خان پر الزام لگایا کہ وہ ان لوگوں کی حمایت کر رہے ہیں جو پاکستان میں بغاوت چاہتے ہیں۔