برطانوی شہزادی کیٹ میڈلٹن بھی کینسر میں مبتلا

شہزادی کیٹ میڈلٹن نے کہا کہ کینسر کا پتہ چلنا بڑا صدمہ تھا۔ یہ دو مہینے ہمارے پورے خاندان کے لیے ایک ناقابل یقین حد تک مشکل رہے ہیں تاہم میں اب ٹھیک ہوں اور ہر دن مضبوط ہو رہی ہوں۔ ولیم کا میرے ساتھ ہونا سکون اور یقین دہانی کا بھی ایک بڑا ذریعہ ہے۔آپ لوگوں کی محبت، تعاون اور دعائیں میر ے لیے بہت قیمتی ہیں۔

برطانوی شہزادی کیٹ میڈلٹن بھی کینسر میں مبتلا

برطانوی بادشاہ چارلس سوم کے بعد شہزادی کیٹ میڈلٹن بھی کینسر میں مبتلا ہوگئیں۔

 گزشتہ کئی ہفتوں سے سوشل میڈیا پر کیٹ میڈلٹن کی صحت کے حوالے سے قیاس آرائیاں اور سازشی خیالات پوسٹ کیے جا رہے تھے۔ تاہم برطانوی شہزادی پرنسز آف ویلز کیٹ مڈلٹن کی جانب سے جمعہ کو  جاری کیے گئے ویڈیو پیغام نے تمام افواہوں اور قیاس آرائیوں کو ختم کر دیا۔

پرنسز آف ویلز کیٹ مڈلٹن نے اپنے ویڈیو بیان میں کینسر میں مبتلا ہونے کی تصدیق کر دی۔ 42 سالہ کیٹ مڈلٹن جنوری سے کسی عوامی تقریب میں نہیں دکھائی دیں۔ شہزادی کیٹ مڈلٹن کے تین بچے ہیں اور انپیں بیماری سے متعلق آگاہ کردیا گیا ہے۔

 پرنسز آف ویلز نے کہا کہ14  جنوری کو لندن میں میرے معدے کی سرجری ہوئی جوکہ کامیاب رہی۔ اس وقت کینسر کی تشخیص نہیں ہوئی تھی۔تاہم  آپریشن کے بعد ہونے والے مختلف ٹیسٹ میں پتہ چلا کہ میں کینسر میں مبتلا ہوں۔

شہزادی کیٹ میڈلٹن نے بتایا کہ کینسر کی تشخیص کے بعد میری میڈیکل ٹیم نے مشورہ دیا کہ مجھے کیموتھراپی کا کورس کرنا چاہیے اور میں اب اس علاج کے ابتدائی مراحل میں ہوں۔

شہزادی کیٹ میڈلٹن نے کہا کہ کینسر کا پتہ چلنا بڑا صدمہ تھا۔ پہلے دو ماہ بہت مشکل سے گزرے ۔ یہ دو مہینے ہمارے پورے خاندان کے لیے ایک ناقابل یقین حد تک مشکل رہے ہیں تاہم میں اب ٹھیک ہوں اور ہر دن مضبوط ہو رہی ہوں۔

ویڈیو پیغام میں انہوں نے کہا کہ کیموتھراپی جاری ہے میں ٹھیک ہوں اور ہر روز ان چیزوں پر توجہ مرکوز کر کے مضبوط ہو رہی ہوں جو مجھے ٹھیک کرنے میں مدد کریں گی۔ ولیم کا میرے ساتھ ہونا سکون اور یقین دہانی کا بھی ایک بڑا ذریعہ ہے۔آپ لوگوں کی محبت، تعاون اور دعائیں میر ے لیے بہت ہی قیمتی ہیں۔

تازہ ترین خبروں اور تجزیوں کے لیے نیا دور کا وٹس ایپ چینل جائن کریں

واضح رہے کہ شہزادی کیٹ میڈلٹن کی کینسر کی نوعیت نہیں بتائی گئی۔

دوسری جانب بکنگھم پیلس کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا گیا کہ شاہ چارلس ہسپتال میں اکھٹے وقت گزارنے کے بعد گذشتہ چند ہفتوں کے دوران پرنسس آف ویلز کے ساتھ قریبی رابطے میں ہیں۔

مزید کہا گیا کہ شاہ چارلس اور ملکہ کمیلا اس مشکل وقت میں پورے خاندان کے لیے اپنی محبت اور شفقت کا اظہار کرتے رہیں گے۔

کیٹ مڈلٹن کے ویڈیو پیغام کے بعد بادشاہ چارلس نے کہا کہ وہ کیتھرین کی اس قدر بہادری سے اس معاملے پر بات کرنے پر بہت فخر محسوس کرتے ہیں اور گذشتہ کئی ہفتوں کے دوران وہ اپنی پیاری بہو کے ساتھ قریبی رابطے میں رہے جب انہوں نے ایک ساتھ ہسپتال میں وقت گزارا۔

اس سے قبل فروری میں برطانوی بادشاہ چارلس سوم کے کینسر میں مبتلا ہونے کی خبر سامنے آئی تھی۔

شاہی محل کے مطابق کینسر کی تشخیص شاہ چارلس کے پروسٹیٹ کے علاج کے دوران ہوئی۔ یہ نہیں بتایا گیا کہ بادشاہ میں کس قسم کے کینسر کی تشخیص ہوئی تاہم ان کا بھی علاج جاری ہے۔