تیل کی تلاش اور پیٹرولیم پیدا کرنے والی کمپنیوں کو مزید مراعات فراہم کرنے کا اعلان

وزیراعظم عمران خان کراچی کے سمندر میں کیکڑا-1 سے تیل اور گیس کے سب سے بڑَے ذخائر نکلنے پر بددل اور نہ ہی مایوس ہوئے ہیں بلکہ اب انہوں نے تیل کی تلاش اور پیداوار پر کام کرنے والی کمپنیوں کو مزید مراعات فراہم کرنے کے لیے نئی پیٹرولیم پالیسی پر کام شروع کر دیا ہے۔

انہوں نے کویت پیٹرولیم کے چیف ایگزیکٹو آفیسر شیخ نواف سعود الصباح سے ملاقات کے دوران کہا، پیٹرولیم کے شعبہ میں موجود صلاحیت کو استعمال کرنے کے لیے حکومت تیل اور گیس کی تلاش کے شعبہ سے منسلک غیر ملکی کمپنیوں کو مراعات فراہم کرنے کے لیے نئی پیٹرولیم پالیسی پر کام کر رہی ہے۔

وزیراعظم نے یہ بھی کہا کہ ملک میں آسان اور منافع بخش کاروبار شروع کرنے کے لیے راہ ہموار کی جا رہی ہے۔

واضح رہے کہ کویت پیٹرولیم کے چف ایگزیکٹو شیخ نواف سعود الصباح نے وفد کے ہمراہ وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کی۔



اس موقع پر وفاقی وزیر توانائی عمر ایوب خان، وزیر توانائی پنجاب ڈاکٹر محمد اختر ملک اور سیکرٹری پیٹرولیم حئی الدین بھی موجود تھے۔

ملاقات میں شیخ نواف نے وزیراعظم کو کویت پیٹرولیم کی جانب سے 1980 کی دہائی سے پاکستان میں تیل کی دریافت کے شعبہ میں جاری سرگرمیوں سے متعلق بریفنگ دی جب کہ وزیراعظم عمران خان نے حکومت کی جانب سے کویت پیٹرولیم کے ساتھ تعاون جاری رکھنے کی یقین دہانی کروائی۔

وزیراعظم نے غیر ملکی سرمایہ کاروں کو سہولیات فراہم کرنے کے لیے حکومت کی جانب سے کیے جانے والے اقدامات کے بارے میں بھی آگاہ کیا۔

انہوں نے پیٹرولیم کی تلاش اور پیداوار کے شعبہ میں مقامی افرادی قوت کی تربیت پر کویت پیٹرولیم کی خدمات کو سراہا۔