کراچی، ایک ماہ میں ہیٹ ویو کی دوسری بار وارننگ

صوبہ سندھ کے صوبائی دارالحکومت اور ملک کے سب سے بڑے شہر کراچی میں ایک ماہ کے دوران دوسری بار تین روز کے لیے ہیٹ ویو کی وارننگ جاری کر دی گئی ہے۔

محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ کراچی میں 25 مئی سے 27 مئی تک ہیٹ ویو کا اندیشہ ہے اور زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 39 سے 41 سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے۔

ہیٹ ویو کے حوالے سے جاری کیے گئے الرٹ کے مطابق، اس دوران شہر میں دن کے اوقات میں شمال مغرب سے ہوائیں چلنے کا سلسلہ جاری رہے گا جب کہ ہوا میں نمی کا تناسب 40 سے 50 فی صد تک رہنے کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کی جانب سے سرکاری حکام سمیت تمام متعلقہ سٹیک ہولڈرز کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔



واضح رہے کہ رواں ماہ کے آغاز میں یکم  سے تین مئی تک بھی کراچی میں ہیٹ ویو کے اثرات نمایاں ہونے کے ساتھ ہی موسم نہایت گرم ہو گیا تھا جب کہ درجہ حرارت 40 سے 42 ڈگری تک جا پہنچا تھا۔

طبی ماہرین نے ہیٹ ویو کے دوران گھروں سے غیر ضروری طور پر باہر نکلنے سے گریز کا مشورہ دیا ہے اور کہا ہے کہ اگر باہر نکلنا ضروری ہی ہو تو گیلا تولیہ اورچھتری ساتھ رکھیں جب کہ زیادہ سے زیادہ پانی کا استعمال کریں۔

طبی ماہرین کہتے ہیں کہ طبیعت بحال رکھنے کے لیے ہر دو سے تین گھنٹے بعد نہائیں اور طبیعت بگڑ جانے کی صورت میں فوری  طور پر ڈاکٹر سے رجوع کریں۔

ہیٹ ویو سے متاثر ہونے کی عمومی وجوہات وہ ہیں جنہیں ہم عموماً نظرانداز کر دیتے ہیں جن میں جسم میں پانی کی کمی ہونا، گرم و خشک موسم، گرم موسم میں سخت ورزش یا مشقت کرنا، دھوپ میں زیادہ دیر رہنا، جسم سے پسینے کا اخراج رک جانا، دل کی دھڑکن بہت زیادہ بڑھ جانا اور جلد کا سرخ، گرم اور خشک ہونا شامل ہیں۔



واضح رہے کہ کراچی چار برس قبل 2015 میں ہیٹ ویو کی 50 برس کی بدترین لپیٹ میں آیا تھا جس کے باعث صرف کراچی میں 12 سو سے زائد افراد جاں بحق جب کہ ہیٹ ویو کے باعث 40 ہزار افراد تھکان کا شکار ہو گئے تھے۔