کراچی میں ہیٹ ویو کے خطرات، سندھ حکومت نے ہنگامی اقدامات کر لیے 

کراچی میں ہیٹ ویو کے خطرات تو منڈلا ہی رہے ہیں تاہم اب محکمہَ موسمیات نے سمندری طوفان کی پیشگوئی بھی کر دی ہے۔ محکمہَ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ بحیرہَ عرب میں ہوا کا کم دبائو بنا تو کراچی براہ راست متاثر ہو گا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق، خلیج بنگال میں ہوا کا دبائو کم ہو گیا ہے جس کے باعث سمندر میں طوفان بن گیا ہے، تاہم کراچی میں گرمی کی حالیہ لہر کا اس طوفان سے کوئی تعلق نہیں۔

محکمہَ موسمیات سندھ کے ڈائریکٹر سردار سرفراز کا کہنا ہے، سمندری طوفان بھارتی شہر چنائے کے قریب پہنچ کر شمال مشرق کی جانب بڑھ جائے گا۔

انہوں نے کہا، یہ طوفان بھارت کی ساحلی پٹی پر تیز بارش کی صورت میں اثرانداز ہو گا، یہ فی الوقت پاکستان سے بہت دور ہے جس کے باعث اس کے اثرات بھی نہ ہونے کے برابر ہوں گے۔



تاہم، انہوں نے خبردار کیا کہ اگر بحیرہَ عرب میں ہوا کا دبائو کم ہوا تو کراچی براہ راست متاثر ہو گا جب کہ مئی اور جون میں گرمی میں مزید اضافے کا امکان ہے۔

دریں اثناء، صوبائی دارالحکومت کراچی میں ہیٹ ویو کے خدشات کے پیش نظر سندھ حکومت نے جامع پلان ترتیب دیا ہے جس کے تحت شہر بھر میں 115 ہیٹ سٹروک سنٹرز قائم کیے گئے ہیں۔

سندھ حکومت نے کہا ہے کہ محکمہَ موسمیات کی ایڈوائزری پر مکمل طور پر عمل کیا جا رہا ہے اور 112 مقامات پر کیمپ ہسپتالوں کا قیام بھی عمل میں لایا جا چکا ہے۔

سندھ حکومت کے مطابق، ضلعی انتظامیہ اور مارکیٹ کمیٹیوں کے تعاون سے 185 مقامات پر پینے کا ٹھنڈا پانی رکھا گیا ہے اور شہر کے 24 مقامات پر موبائل ٹیمیں بھی موجود ہیں۔

یاد رہے کہ محکمہَ موسمیات سندھ نے خبردار کر رکھا ہے کہ یکم سے تین مئی تک کراچی میں ہیٹ ویو کا امکان ہے، اس دوران درجہ حرارت 40 سے 42 ڈگری تک پہنچنے کا امکان ہے۔