پنجاب کے وزیر توانائی اور وزیر خواندگی و غیر رسمی بنیادی تعلیم میں کرونا وائرس کی تشخیص

پنجاب کے وزیر توانائی اور وزیر خواندگی و غیر رسمی بنیادی تعلیم میں کرونا وائرس کی تشخیص
وزیر توانائی پنجاب ڈاکٹر اختر ملک اور وزیر خواندگی و غیر رسمی بنیادی تعلیم راشد حفیظ بھی کرونا وائرس کا شکار ہوگئے اور ان کا ٹیسٹ مثبت آگیا۔

ڈاکٹر اختر ملک کے ترجمان کا کہنا ہے کہ صوبائی وزیر توانائی کا کرونا ٹیسٹ مثبت آگیا جس کے بعد انہوں نے خود کو گھر میں ہی قرنطینہ کر لیا ہے۔ ڈاکٹر اختر ملک کے خاندان کے باقی افراد کی ٹیسٹ رپورٹ آج شام تک آجائے گی جبکہ وزیر توانائی اپنے چاہنے والوں کو سوشل میڈیا اکاؤنٹ کے ذریعے باخبر رکھیں گے۔

بعد ازاں پنجاب کے وزیر خواندگی و غیر رسمی بنیادی تعلیم راجا راشد حفیظ میں بھی کرونا وائرس کی تصدیق کی گئی۔ راجا راشد حفیظ نے لاہور سے واپسی پر کرونا وائرس کا ٹیسٹ کروایا تھا جو مثبت آیا جس کے بعد صوبائی وزیر نے خود کو گھر میں قرنطینہ کر لیا ہے۔

یاد رہے کہ دو روز قبل مسلم لیگ (ن) کے ڈپٹی سیکریٹری جنرل عطا اللہ تارڑ بھی کرونا وائرس کا شکار ہوگئے تھے۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹوئٹ میں عطاللہ تارڑ نے کہا تھا کہ میرا کرونا کا ٹیسٹ مثبت آگیا ہے لہٰذا میں ان تمام لوگوں سے بھی ٹیسٹ کرانے اور احتیاط کی درخواست کرتا ہوں جنہوں نے گزشتہ چند روز میں مجھ سے ملاقات کی تھی۔