Get Alerts

اتحادی حکومت نے فیصلہ کیا تو کسی کو اسلام آباد میں داخل نہیں ہونے دینگے، رانا ثنااللہ

اتحادی حکومت نے فیصلہ کیا تو کسی کو اسلام آباد میں داخل نہیں ہونے دینگے، رانا ثنااللہ
وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنااللہ کا کہنا ہےکہ اتحادیوں نے فیصلہ کیا تو کسی کو اسلام آباد میں داخل نہیں ہونے دیں گے۔

بہاولپور میں مسلم لیگ ن کے کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے رانا ثنااللہ کا کہنا تھا کہ عمران خان نے افراتفری پیدا کرنے کی کوشش کی تو آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائےگا۔

وفاقی وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ عمران خان کا ملک دشمن ایجنڈا ہے اور یہ ملک میں افراتفری پیدا کرنا چاہتا ہے، شیریں مزاری کی گرفتاری غلط ہوئی، مریم نواز کی گرفتاری کا طریقہ کار بھی غلط تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ 28 مئی کو بہاولپور میں یوم تکبیر پر جلسہ ہوگا، تحریک انصاف کے تمام جلسوں کا ریکارڈ توڑ دیں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ شیریں مزاری کی گزشتہ روز کی اسلام آباد سے گرفتاری کو غلط قرار دیا۔ رانا ثنا اللہ نے کہا کہ شیریں مزاری کی گرفتاری غلط ہوئی ،مریم نواز کی گرفتاری کا طریقہ کار بھی غلط تھا۔

دوسری جانب وفاقی وزیراطلاعات مریم اورنگزیب نے سابق وزیراعظم عمران خان کی جانب سے اسلام آباد کی طرف ‘حقیقی آزادی مارچ’ کے اعلان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ خونی مارچ نہیں ہونے دیں گے، کسی کو بھی انارکی پھیلانے کی اجازت نہیں دے سکتے، اس کو روکنے کیلئے ہر آئینی طریقہ اپنائیں گے، لانگ مارچ سے نمٹنے کیلئے اتحادی جماعتوں سے مشاورت کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ الیکشن کرانے کا اختیار اب ہمارا ہے، جو مرضی کرلیں الیکشن تب ہوگا جب ہم چاہیں گے۔

خیال رہے کہ چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے 25 مئی کو اسلام آباد کی طرف لانگ مارج کرنے کا اعلان کیا ہے، ان کا کہنا تھا کہ یہ سیاست میں ہمارا حقیقی آزادی کی طرف جہاد ہے۔ میں پشاور سے لانگ مارچ کو خود لیڈ کروں گا اور 25 مئی کو دوپہر تین بجے سرینگر ہائی وے پر آپ سب کا منتظر ہوں گا۔