جمشید چیمہ اور ان کی اہلیہ مسرت جمشید چیمہ نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) چھوڑنے کا فیصلہ کر لیا۔
اسلام آباد ہائی کورٹ کے باہر میڈیا سے بات کرتے ہوئے تحریک انصاف کے رہنماؤں جمشید چیمہ اور ان کی اہلیہ مسرت جمشید چیمہ کے وکیل ملک ریاض نے بتایا کہ دونوں رہنما پی ٹی آئی چھوڑ رہے ہیں، اور رہائی کے بعد باضابطہ اعلان کردیں گے۔
وکیل محمد ریاض نے مزید بتایا کہ جمشید چیمہ اور مسرت جمشید چیمہ دونوں سے میری الگ الگ ملاقات ہوئی۔ جمشید چیمہ کے حوالے سے مجھے پورا یقین ہے کہ وہ رہا ہوتے ہی پارٹی سے علیحدگی کا اعلان کردیں گے۔ جو کچھ ملک کے ساتھ ہوا وہ بہت رنجیدہ ہیں۔
دوسری طرف مسرت جمشید اور جمشید چیمہ کے بیٹے نے بھی والدین کے پی ٹی آئی چھوڑنے کی تصدیق کردی۔
واضح رہے کہ 9 مئی کے واقعات کے بعد تحریک انصاف کے 15 سے زائد رہنماؤں نے پارٹی سے اپنی راہیں جدا کرلی ہیں۔
تحریک انصاف سے رہنماؤں کی علیحدگی کا سلسلہ تب شروع ہوا جب کراچی سے پی ٹی آئی کے سابق ایم این اے محمود مولوی نے پارٹی پالیسی اور عمران خان کی گرفتاری کے بعد ہونے والے پرتشدد واقعات سے نالاں ہوکر پی ٹی آئی چھوڑنے کا اعلان کیا تھا۔
گزشتہ روز بھی تحریک انصاف ویسٹ پنجاب کے صدر فیض اللہ کموکا اور سابق صوبائی وزیر اوقات پیر سعید الحسن شاہ نے 9 مئی کے واقعات کو بنیاد بناکر پارٹی کو خیرباد کہہ دیا۔ جبکہ حال ہی میں پی ٹی آئی میں ضم ہونے والی ق لیگ کے مرکزی رہنما اور چوہدری شجاعت کے بھائی چوہدری وجاہت حسین نے بھی پرویزالہیٰ کا ساتھ چھوڑنے کا اعلان کیا تھا۔