اپوزیشن اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ ( پی ڈی ایم) کے اجلاس میں حکومت کے خلاف اجتماعی استعفوں اور لانگ مارچ کے معاملے پر اتفاق نہیں ہو سکا ہے۔ مولانا فضل الرحمان نے اعلان کیا ہے کہ آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان 6 دسمبر کو کیا جائے گا۔
اسلام آباد میں ہونے والے اجلاس میں لانگ مارچ اور پارلیمنٹ سے اجتماعی استعفوں سمیت مختلف آپشنز پر غور کیا گیا۔ ایک رکن نے نام نہ ظاہر کرنے کی شرط پر بتایا کہ اجلاس میں لانگ مارچ کے ساتھ پارلیمنٹ سے اجتماعی استعفوں اور قبل از وقت انتخابات کے مطالبے پر غور کیا جارہا ہے۔
ذرائع کے مطابق پی ڈی ایم سربراہ مولانا فضل الرحمان نے رواں سال فروری میں لاہور سے اسلام آباد کی جانب لانگ مارچ اور پارلیمنٹ سے اجتماعی استعفے دینے کی تجویز پیش کی تھی۔
پی ڈی ایم اجلاس میں پارلیمنٹ سے اجتماعی طور پر مستعفی ہونے کی تجویز پر اتفاق رائے نہیں ہوسکا جبکہ انتخابی اصلاحات کو سپریم کورٹ میں چیلنج کرنے پر بھی مشاورت کی گئی۔
اجلاس میں سابق چیف جسٹس ثاقب نثار کی مبینہ آڈیو لیک پر بھی مشاورت کی گئی جس میں اس معاملے کو پوری شدت سے آگے بڑھانے اور میڈیا پر مؤثر انداز میں پیش کرنے پر اتفاق کیا گیا۔