پنجاب حکومت کا دھڑن تختہ کرانے کی تیاریاں شروع، شہباز شریف نے گرین سگنل دیدیا

پنجاب حکومت کا دھڑن تختہ کرانے کی تیاریاں شروع، شہباز شریف نے گرین سگنل دیدیا
پنجاب میں تحریک انصاف کی حکومت کا دھڑن تختہ کرنے کی تیاریاں شروع، مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف نے پارٹی کو گرین سگنل دے دیا۔

نجی ٹی وی دنیا نیوز کے مطابق مسلم لیگ نے پارلیمانی پارٹی کا مشاورتی اجلاس پیر کے روز پنجاب اسمبلی میں طلب کرلیا، مشاورتی اجلاس کی اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز اور مسلم لیگ ن پنجاب کے صدر رانا ثناء اللہ صدارت کریں گے، مسلم لیگ ن نے اپنے تمام ارکانِ اسمبلی کو اجلاس میں شرکت یقینی بنانے کی ہدایت کر دی۔

ذرائع کے مطابق اجلاس میں ممکنہ ان ہاؤس تبدیلی کے حوالے سے ارکان کو اعتماد میں لیا جائے گا، ان ہاؤس تبدیلی سے پہلے ن لیگ نے کارکنوں اور عوام کو متحرک کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اجلاس میں شہباز شریف کی جانب سے ورکرز کنونشن منعقد کرنے پر بھی مشاورت ہوگی، شہباز شریف کی حکومتی ناراض ارکان اور اتحادیوں سے رابطوں کی ہدایات پر عملدرآمد کی حکمت عملی طے کی جائے گی۔

پنجاب میں ن لیگ کی تنظیم سازی کے حوالے سے مشاورت ہوگی، پنجاب اسمبلی میں اس وقت ن لیگ کے 166 ارکان ہیں۔

دوسری جانب وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کے مستعفی ہونے کے مطالبے کی قرارداد مسلم لیگ (ن) کی رکن عظمیٰ بخاری کی جانب سے پنجاب اسمبلی میں جمع کرا دی گئی۔

قرارداد میں کہا گیا ہے کہ ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل کی رپورٹ نے وزیراعظم عمران خان کے کرپشن کے خاتمے کی قلعی کھول دی۔ دس سال بعد پاکستان میں کرپشن مزید بڑھ گئی ہے۔

پنجاب میں ایک بھی میگاپروجیکٹس شروع نہ ہونے کے باوجود 300 فیصد کرپشن بڑھ گئی ہے۔ پنجاب میں 16 ماہ کے دوران حکومت کی کوئی رٹ نظر نہیں آئی عام آدمی کے لئے انصاف کی فراہمی ناممکن بات ہو گئی۔

رشوت دینے کے باوجود شہریوں کے جائز کام بھی نہیں ہو رہے۔ وزیراعظم عمران خان کے نامزد کردہ وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی سرپرستی میں پنجاب کرپشن کا گڑھ بن چکا ہے.