اے آر وائی ہتک عزت کا ایک اور کیس ہار گیا، گل بخاری جیت گئیں

اے آر وائی ہتک عزت کا ایک اور کیس ہار گیا، گل بخاری جیت گئیں
ایکٹوسٹ گل بخاری نے برطانیہ میں اے آر وائی کے خلاف ہتک عزت کا مقدمہ جیت لیا ہے۔

گل بخاری کے اے آر وائی نیوز کے ہتک عزت کیس میں یوکے میڈیا ریگولیٹری باڈی آف کام نے فیصلہ دیا کہ اے آر وائی کے یوکے چینل، نیو ویژن ٹیلی ویژن (این وی ٹی وی) نے گل بخاری کے بارے میں وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) کے نوٹس کی جھوٹی خبریں چلائی تھیں۔

اسٹیبلشمنٹ کی شدید ناقد سمجھے جانے والی گل بخاری 2019 سے لندن میں مقیم ہیں، جب انہیں 5 جون 2018 کو لاہور کینٹ سے اغوا کیا گیا تھا اور پھر کچھ دیر بعد نامعلوم افراد کی جانب سے انہیں رہا کر دیا تھا۔

گل بخاری نے فروری 2020 میں اے آر وائی کے ذریعے نشر کیے گئے ہتک اور توہین آمیز ریمارکس کے حوالے سے آف کام پر اپنی ہتک عزت کی شکایت کی تھی۔

زیر بحث نشریات کے دوران، اے آر وائی نے اپنے رپورٹر ذوالقرنین حیدر کی ایک بریکنگ خبر میں دعویٰ کیا تھا کہ "قومی سلامتی کے اداروں کے خلاف اکسانے کا معاملہ میں ایف آئی اے کو حرکت میں لایا گیا ہے اور ایف آئی اے کے انسداد دہشت گردی ونگ نے گل بخاری کو پیش ہونے کا نوٹس جاری کیا ہے۔ اے آر وائی کے رپورٹر نے بتایا کہ گل بخاری کے پاس ایف آئی اے کے سامنے پیش ہونے کے لیے 30 دن ہیں۔

رپورٹر نے مزید کہا، "خود کو پیش نہ کرنے کی صورت میں گل بخاری کے خلاف انسداد دہشت گردی [قوانین] کے تحت مقدمہ درج کیا جائے گا۔ عدالتی حکم کے بعد ایک معاہدے کے تحت محترمہ گل بخاری کو وطن واپس لایا جائے گا، انٹرپول سے رابطہ کیا جائے گا اور ان کی جائیداد بھی ضبط جا سکتی ہے۔

گل بخاری نے اس خبر کی تردید کی کہ انہیں ایف آئی اے نے نوٹس بھیجا تھا اور بیان دیا کہ ان 'بے بنیاد' بیانات نے انہیں دہشت گردی اور تشدد میں ملوث ہونے کے طور پر غیر منصفانہ طور پر پیش کیا ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ ان کے خاندان کو جھوٹی رپورٹ کے بعد دھمکیاں دی گئی تھیں۔

تقریباً دو سال تک جاری رہنے والی تحقیقات کے بعد، آف کام نے نے معلوم کیا کہ اے آر وائی نے اس بات کو یقینی بنانے کے لیے مناسب خیال نہیں رکھا کہ مادی حقائق کو اس انداز میں پیش کیا جائے جو محترمہ بخاری کے لیے منصفانہ ہو۔

آف کام نے یہ بھی موقف اختیار کیا کہ اے آر وائی نے مس گل بخاری کے لیے اپنے بارے میں نشر کیے گئے اہم الزامات کا جواب دینے کے لیے انہیں مناسب وقت اور موقع فراہم نہیں کیا۔

اے آر وائی نے اپنے دفاع میں کہا کہ ایف آئی اے نے بخاری کے خلاف ان کے ذاتی ٹویٹر اکاؤنٹ پر کئے گئے اظہار خیال کے سلسلے میں ایک مقدمہ شروع کیا تھا۔ خاص طور پر، ایک ٹویٹ جو انہوں نے 12 جنوری 2020 کو پوسٹ کی اور وہ وائرل ہو گئی۔

اے آر وائی نے کہا کہ اسے ایف آئی اے کی جانب سے اس سٹوری کا نوٹس موصول ہوا تھا، جسے دیگر میڈیا اداروں کو بھی فراہم کیا گیا تھا۔ تاہم بخاری کے وکیل کی مزید پوچھ گچھ پر ایف آئی اے نے کہا کہ وہ نوٹس کے ثبوت پیش کرنے سے قاصر ہے۔ اس کے بعد اے آر وائی نے اپنی پوزیشن تبدیل کرتے ہوئے کہا کہ "خبر کی سٹوری براہ راست سیکیورٹی ایجنسیوں کی طرف سے آئی تھی اور اس لیے اس پر بھروسہ کیا گیا تھا۔"

آف کام نے اے آر وائی کے دفاع کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ، "پروگرام میں محترمہ بخاری کے بارے میں کیے گئے تبصرے سنگین نوعیت کے تھے اور، ہماری نظر میں، ایسے اہم الزامات تھے جو محترمہ بخاری کے ناظرین کی رائے کو مادی اور منفی طور پر متاثر کرنے کی واضح صلاحیت رکھتے تھے۔ ایک طرح سے وہ غیر منصفانہ تھا۔"

آف کام نے کہا کہ براڈکاسٹر کا فرض تھا کہ وہ محترمہ بخاری کو جواب دینے کا ایک مناسب اور بروقت موقع فراہم کرتی، یا اگر اس موقع کی پیشکش کی گئی اور انکار کر دیا گیا، تو یہ پروگرام میں واضح ہونا چاہیے تھا۔

اگرچہ اے آر وائی نے دعویٰ کیا کہ اس نے گل بخاری سے اس کا ورژن حاصل کرنے کے لیے رابطہ کرنے کی کوشش کی تھی، آف کام نے کہا کہ "پروگرام نشر ہونے سے پہلے اے آر وائے آف کام کو محترمہ بخاری کا بیانیہ حاصل کرنے کے لیے پروگرام بنانے والوں کی کوششوں کا کوئی دستاویزی ریکارڈ فراہم نہیں کر سکا تھا۔