Get Alerts

متنازع ٹویٹس پر زلفی بخاری نے ریحام خان پر ہتک عزت کا مقدمہ کر دیا

متنازع ٹویٹس پر زلفی بخاری نے ریحام خان پر ہتک عزت کا مقدمہ کر دیا
ریحام خان کی پاکستانی ہوٹل روز ویلٹ کی فروخت سے متعلق متنازع ٹویٹس پر وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی زلفی بخاری نے ریحام خان پر ہتک عزت کا مقدمہ کر دیا۔

ہائی کورٹ میں دائر مقدمے کے مطابق میں زلفی بخاری نے ریحام خان سے معافی، الزامات کی واپسی اور ہرجانہ ادا کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

زلفی بخاری نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ ریحام خان نے ٹویٹس کے ذریعے مجھے بدنام کیا اور ساکھ کو نقصان پہنچایا، روز ویلٹ ہوٹل سے متعلق کمیٹی میں پانچ افراد شامل تھے لیکن صرف مجھے نشانہ بنایا گیا، انصاف کے حصول کے لئے عدالت جانے پر مجبور ہوا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ ریحام خان کو اپنے الزامات کے ثبوت عدالت میں پیش کرنا ہوں گے، مقدمہ آزادی رائے کے حوالے سے اہمیت کا حامل ہے۔

ترجمان ہائی کورٹ کا کہنا ہے کہ زلفی بخاری کی جانب سے دائر کیا گیا مقدمہ شروع ہونے میں 8 ماہ لگ جائیں گے۔

واضح رہے کہ ریحام خان نے ٹویٹ میں الزام لگایا تھا کہ ہوٹل کی فروخت سے زلفی بخاری کو فائدہ ہوگا۔