قرنطینہ سینٹر میں زیر علاج نوجوان کی ساتھی مریضہ سے زیادتی کی کوشش

قرنطینہ سینٹر میں زیر علاج نوجوان کی ساتھی مریضہ سے زیادتی کی کوشش
قرنطینہ سینٹر میں زیر علاج کرونا وائرس کے مریض نے ساتھی مریضہ کو زیادتی کا نشانہ بنانے کی کوشش کی۔

بھارتی میڈیا کے مطابق یہ واقعہ نئی دہلی میں پیش آیا جہاں کرونا وائرس میں مبتلا 14 سالہ لڑکی کو چتر پور کے قرنطینہ سینٹر میں رکھا گیا تھا اور اسے وہاں کرونا کے ہی مریض نے اپنے دوست کے ساتھ مل کر زیادتی کا نشانہ بنانے کی کوشش کی۔

پولیس کے مطابق چند روز قبل یہ واقعہ رات کے اوقات میں اس وقت پیش آیا جب لڑکی واش روم گئی تو اس دوران اسی قرنطینہ سینٹر میں زیر علاج 19 سالہ نوجوان نے اپنے ساتھی کے ساتھ اسے واش روم میں زیادتی کا نشانہ بنانے کی کوشش کی۔

نئی دہلی پولیس کا بتانا ہے کہ کرونا کے مریض ملزم اور متاثرہ لڑکی کو قرنطینہ سینٹر میں ایک ہی جگہ ان کے رشتے داروں کے ساتھ رکھا گیا تھا اور واقعہ کے بعد لڑکی نے اپنے رشتے دار کو اس بارے میں آگاہ کیا۔

پولیس کے مطابق لڑکی نے اپنے بیان میں کہا کہ ایک نوجوان نے اسے زیادتی کا نشانہ بنانے کی کوشش کی جب کہ اس کا ساتھی موبائل فون سے اس واقعے کی ویڈیو بنا رہا تھا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ لڑکی کے بیان کی روشنی میں مقدمہ درج کرکے دونوں نوجوانوں کو گرفتار کرلیا گیا ہے اور ان سے مزید تفتیش جاری ہے۔