شہری کو برہنہ کر کے تشدد کرنے کا معاملہ، مشتعل ہجوم کا پشاور میں ایس ایچ او کے حجرے پر حملہ

شہری کو برہنہ کر کے تشدد کرنے کا معاملہ، مشتعل ہجوم کا پشاور میں ایس ایچ او کے حجرے پر حملہ
صوبہ خیبر پختونخوا کے شہر پشاور کے علاقے تہکال میں کل رات عامر نامی ایک نوجوان کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی، جس میں پولیس کی جانب سے انہیں برہنہ کر کے ویڈیو بنائی گئی اور پھر وہ ویڈیو وائرل ہوگئی۔ پولیس کے خلاف ایکشن کے باوجود مشتعل ہجوم نے تہکال ہی سے تعلق رکھنے والے ایس ایچ او عمران کے ہجرے پر حملہ کیا اور وہاں توڑ پھوڑ کی۔

نیا دور میڈیا کے پاس موجود ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ مشتعل ہجوم نے پولیس کی موجودگی میں ہجرے میں گھس کر نہ صرف توڑ پھوڑ کی بلکہ اس کے ساتھ ساتھ پولیس کی جانب سے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لئے ہوائی فائرنگ بھی کی گئی، جب کہ ہجوم میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ایک شہری اپنے پستول سے مسلسل فائرنگ کررہا ہے۔

واضح رہے کہ ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ایس ایچ او کے ہجرے میں پولیس کے کئی نوجوان موجود ہے، مگر وہ ہجوم کو منتشر کرنے میں ناکام نظر آ رہی ہے۔

خیبر پختونخوا پولیس کے ڈائریکٹر پبلک ریلیشنز کے دفتر سے جاری ہونے والے ایک اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبر پختونخوا ڈاکٹر ثنا اللہ عباسی نے شہری پر مبینہ پولیس تشدد کی ویڈیو کا سخت نوٹس لیا ہے اور اس گھناؤنے فعل میں ملوث اہلکاروں کو فوری طور پر معطل کر کے گرفتار کرنے کا حکم دیا ہے۔

ٹیلیفون پر موجود تھانہ تہکال کے ایک اہلکار نے بتایا کہ حملے سے پہلے ایس ایچ او کے گھر پر پولیس تعینات کی گئی تھی مگر ہجوم کو کنٹرول کرنا کچھ پولیس نوجوانوں کی بس میں نہیں تھا مگر اب حالات مکمل کنٹرول میں ہیں اور پولیس کی بھاری نفری موقعے پر موجود ہے تاکہ کوئی بھی ناخوشگوار واقع پیش نہ آئے۔