ٹیکس نادہندہ شخص کو پکڑنا مسئلے کا حل نہیں، شبر زیدی

ٹیکس نادہندہ شخص کو پکڑنا مسئلے کا حل نہیں، شبر زیدی
لاہور: چیئرمین ایف بی آر شبر زیدی کا سیمینار سے خطاب میں کہنا تھا کہ بے نامی قانون بنایا گیا لیکن ابھی تک اس پر عمل نہیں کیا گیا۔ ہم سب کے لئے ضروری ہے کہ اس کو سمجھا جائے۔

شبر زیدی کا کہنا تھا کہ ایمنسٹی سکیم میں آپ کے مسئلے کم ہوں گے۔ حکومت نے ایک بہت عام اور آسان سکیم متعارف کروائی ہے۔ ٹیکس پیئرز اور انکم ٹیکس آفیسرز کے درمیان قربت نہیں ہونی چاہیے۔ اداروں کی کرپشن کا مسئلہ حل کرنے کے لئے سب کی رائے لینا چاہتا ہوں۔

چیئرمین ایف بی آر شبر زیدی نے کہا کہ مستقبل میں پاکستان سے باہر پیسہ لے کہ جانا آسان نہیں ہوگا۔ پاکستان میں آپ کا پیسہ زیادہ محفوظ ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں ایک لاکھ رجسٹرڈ کمپنیاں ہیں۔ ٹیکس دینے والی کمپنیوں کی تعداد پچاس ہزار ہے۔ میرا ارادہ بندے کی بجائے ادارے کو پکڑنا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پارلمینٹرین کے بارے میں غلط تاثر ہے کہ وہ ٹیکس نہیں دیتے، پکڑ لیں۔ اس طرح کسی ایک بندے کو پکڑنا مسئلے کا حل نہیں ہے۔ میں چاہتا ہوں کہ جو انڈسٹری ٹیکس نہیں دیتی، اسے پکڑیں۔ شوگر، پیپر، سٹیل اور پراپرٹی سب کو ڈاکومینٹ کرنا ہوگا، خود ہی سب پکڑے جائیں گے۔