Get Alerts

عمران خان کا لانگ مارچ حکومت کے نہیں، اسٹیبلشمنٹ کیخلاف ہے: مریم نواز

عمران خان کا لانگ مارچ حکومت کے نہیں، اسٹیبلشمنٹ کیخلاف ہے: مریم نواز
مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ عمران خان کا لانگ مارچ حکومت کے خلاف نہیں بلکہ اسٹیبلشمنٹ کے خلاف ہے۔ عمران خان میر جعفر اور میر صادق اسٹیبلشمنٹ کو کہتا ہے۔

لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مریم نواز شریف کا کہنا تھا کہ میں عدلیہ سے ادب کیساتھ یہ کہنا چاہتی ہوں کہ سوشل میڈیا یا میڈیا کو مت دیکھیں بلکہ قوم کے مستقبل اور عوام کے حق میں فیصلے کریں۔

ن لیگ کی نائب صدر نے کہا کہ يہ لوگ کھلے عام خونی احتجاج کی بات کر رہے ہيں، جو اہلکار شہيد ہوا اس کا ذمہ دار عمران خان ہے۔ يہ ملک ميں فساد کرنا چاہتے ہيں۔ ہم یہ نہيں ہونے ديں گے۔ وزیراعظم اور وزیر داخلہ کو کہا ہے عمران خان کو گرفتار نہ کریں، انہیں آنے دیں، دیکھتے ہیں کتنا دم ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ عدالت کو کہنا چاہتی ہوں، ملک کے مستقبل کے حق ميں فيصلے کريں، يہ کہتا ہے مير جعفر اور مير صادق کے چہرے پہچان لئے ہیں، عمران خان کا لانگ مارچ اور دھمکیاں ہمارے لئے نہیں اسٹیبلشمنٹ کیخلاف ہے، عمران خان کو کہنا چاہتی ہوں حمزہ شہباز ہی وزيراعلیٰ ہے، شہباز شريف وزيراعظم ہيں اور وہی رہيں گے، اب تمہارے حکم کے مطابق فيصلے نہيں ہوں گے۔

مریم نواز شریف نے پی ٹی آئی چیئرمین پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ امریکی چینل کو انٹرویو میں کسی سازش کا ذکر نہیں کیا، کون سی آزادی کی بات کرتے ہیں، کيا آپ نے فرح گوگی کا نام آزادی رکھا ہوا ہے؟، کرسی کھسکی تو کہا نيوٹرل جانور ہوتا ہے، کل کہا فوج نيوٹرل رہے، چيف اليکشن کمشنر آپ نے خود لگايا تھا آج کہہ رہے ہيں چيف اليکشن کمشنر غلام بنا ہوا ہے، 12 بجے عدالت کھلی آپ کو آئين شکنی سے روکا گيا، آپ نے سوشل ميڈيا پر عدالت کيخلاف مہم چلائی۔

https://twitter.com/nayadaurpk_urdu/status/1529086600055263234?s=20&t=8MfBIVj2Cs7zSw45KbzTlA

ان کا کہنا ہے کہ سب سے پہلے انقلاب اور تحريک گھر سے شروع ہوتی ہے، عمران خان اپنے بچوں کو کہو آکر ليڈ کريں، برطانيہ کا پاسپورٹ رکھا ہوا ہے، عمران خان نے نيب ميں مجھ پر پتھراؤ کروايا، پيچھے نہيں ہٹی، تمہارے بچے لندن ميں ٹھنڈی فضاؤں ميں ہیں، قوم کے بچے لو کے تھپيڑے کيوں کھائيں؟، عوام کو بے وقوف بنانے کيلئے آپ نے بيانيہ رکھا ہوا ہے۔

مریم نواز شریف نے مزید کہا کہ جب عمران خان سے کرسی چھن گئی تو انہیں صدمہ پہنچا، انہوں نے سازش کا ڈھنڈورا پیٹنا شروع کیا، اب کہتے ہیں کہ قتل کی سازش ہورہی ہے، اب انہوں نے لانگ مارچ کے ذریعے ملک میں خون و آگ کا کھیل کھیلنا چاہتے ہیں تاکہ یہ ثابت کرسکیں کہ ملک میں حالات بہتر خراب ہیں، یہ ملک سری لنکا نہیں بنے گا، آپ کی کوشش کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔

ن لیگ کی نائب صدر نے دعویٰ کیا کہ حکومت کے پاس اطلاعات ہیں کہ ان کے پاس آنسو گیس کے شیل اور اسلحہ بھی جمع کر رکھا ہے، ان کی پوری کوشش ہے کہ قانون نافذ کرنیوالے اداروں کو ماریں، خون و انتشار کا کھیل کھیلیں۔

مریم نواز شریف نے اے آر وائی نیوز کا مائیک ہٹوادیا۔ ان کا کہنا ہے کہ ایک ایسا چینل جو ایجنڈے پر ہے، اداروں کیخلاف ایک بیانیہ بنا رہا، ملک میں انتشار پھیلانے کیلئے عمران خان کا ساتھ دے رہا ہے، کیونکہ اس نے 40 ارب روپے کھائے ہیں اور وہ اپنے پیسے کو بچا رہا ہے، اس کے ساتھ بات کرنے کو تیار نہیں ہوں۔