Get Alerts

ججز تقرری کا معاملہ: پنجاب حکومت نے ججز تعیناتی کا نوٹیفکیشن لاہور ہائیکورٹ میں جمع کرا دیا

ایڈوکیٹ جنرل پنجاب خالد اسحاق نے انسداد دہشتگری سمیت دیگرخصوصی عدالتوں میں ججز تعیناتی کا نوٹیفکیشن لاہور ہائیکورٹ میں پیش  کر دیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ چیف جسٹس کی منظوری کے بعد چاروں سیشن  ججز کی ڈیپوٹیشن  پرخدمات پنجاب حکومت کے سپرد کی جائیں گی۔

ججز تقرری کا معاملہ: پنجاب حکومت نے ججز تعیناتی کا نوٹیفکیشن لاہور ہائیکورٹ میں جمع کرا دیا

پنجاب حکومت نے انسداد دہشتگری سمیت 11 خصوصی  عدالتوں میں لاہور ہائیکورٹ سےبھجوائے گئے ناموں کی منظوری دے دی۔ پنجاب حکومت نے ججز تقرری سے متعلق نوٹیفکیشن لاہور ہائیکورٹ میں جمع کرا دیا۔

پنجاب کی خصوصی عدالتوں میں ججز کی تعیناتی سے متعلق کیس کی سماعت لاہور ہائی کورٹ کے چیف جسٹس ملک شہزاد احمد نے کی۔

ایڈووکیٹ جنرل پنجاب نے ججز کی تعیناتی کے نوٹیفکیشن عدالت میں پیش کر دیے۔ ایڈووکیٹ جنرل پنجاب خالد اسحق کا کہنا تھا کہ حکومت پنجاب نے پنجاب کی خصوصی عدالتوں میں ججز تعینات کرکے نوٹیفکیشن جاری کردیے۔

ایڈوکیٹ جنرل خالد اسحاق نے عدالت کو مطلع کیا کہ پنجاب حکومت نے انسداد دہشتگری کورٹس میں ججز تعیناتی کی منظوری  دے دی۔

نوٹیفکیشن کے مطابق جج خالد ارشد کو انسداد دہشتگردی عدالت لاہور ون میں تعینات کردیاگیا۔جج عمران حیدر انسداد دہشتگردی عدالت ٹو لاہور میں تعینات کئے گئے ہیں۔

جج محمد عباس کو انسداد دہشتگردی عدالت سرگودھا ،جج محمد نعیم سلیم انسداد دہشتگردی عدالت گوجرانوالہ ،جج رانا شاہد ضمیر کو انسداد دہشتگردی عدالت فیصل آباد، جج ضیا اللہ خان کو انسداد دہشتگردی عدالت ساہیوال میں تعینات کیا گیا ہے۔

تازہ ترین خبروں اور تجزیوں کے لیے نیا دور کا وٹس ایپ چینل جائن کریں

ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج محمد بخت فخر پنجاب ریونیو اتھارٹی ایپلٹ ٹریبونل کے چیئرپرسن، ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج محمد علی صارف عدالت لاہور کے پریزائیڈنگ افسر ،ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج محمد زاہد غزنوی اینٹی کرپشن عدالت فیصل آباد کے سپیشل جج، ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج خالد اسحاق کو اینٹی کرپشن عدالت بہاولپور کا سپیشل جج تعینات کردیا  گیا۔

نوٹیفکیشن کے مطابق ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج صفدر بھٹی اینٹی کرپشن عدالت لاہور کے سینئر سپیشل جج، ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج ارشد حسین بھٹہ کو اینٹی کرپشن عدالت لاہور کا سپیشل جج تعینات کردیا گیا۔

چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ نے ایڈووکیٹ جنرل پنجاب کے مثبت کردار کی تعریف کی. ان کا کہنا تھا کہ ہمارے لیے سب قابل احترام ہیں. آپ نے اچھا رویہ دکھایا ہے۔

ایڈووکیٹ جنرل پنجاب کا کہنا تھا کہ پنجاب کی تمام انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالتوں میں ججز کا تقرر ہو گیا ہے. مزید بتایا کہ 2 اینٹی کرپشن، اور ایک، ایک جج کی تقرری سروس ٹربیونل اور کنزیومر کورٹ میں کی گئی ہے۔

ایڈووکیٹ جنرل پنجاب خالد اسحق کا کہنا تھا کہ اگر کسی جگہ پر تعیناتی ہونی ہے وہ بھی جلد از جلد مکمل کر لی جائے گی۔ دوران سماعت وفاقی حکومت نے ججز کی تعیناتی کے لیے مزید مہلت مانگ لی، وکیل وفاقی حکومت کا کہنا تھا کہ وفاقی کابینہ کے اجلاس میں ججز کی تعیناتی کی منظوری لی جائے گی۔

چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ نے ریمارکس دیے کہ اب پنجاب حکومت نے ججز کہ تعیناتی کر دی ہے تو وفاقی حکومت نے مزید وقت مانگ لیا ہے. مزید کہنا تھا کہ کابینہ سے سرکولیشن کے ذریعے بھی ججز کی تقرری ہو سکتی ہے۔ 

لاہور ہائیکورٹ نے وفاقی حکومت کو ججز کی تعیناتی کے لیے 15 روز کی مہلت دے دی اور کارروائی ملتوی کر دی۔

چیف جسٹس نے خصوصی عدالتوں میں عدم تعیناتی کی صورت میں وزیر اعلی کو ہائیکورٹ طلب کیا تھا۔

اس کیس میں سنئیر صوبائی وزیر مریم اورنگ زیب ، صوبائی وزیر قانون صہیب بھرت ، صوبائی وزیر میاں مجتبی شجاع الرحمان ہائیکورٹ پیش ہوچکے ہیں۔

منیر باجوہ صحافی ہیں اور مختلف موضوعات سے متعلق رپورٹنگ کرتے ہیں۔ وہ نیا دور میڈیا کی رپورٹنگ ٹیم کا حصہ ہیں۔