کپڑا بیچنے سے قومیں امیر نہیں ہوتیں پڑھنے سے ہوتی ہیں: وزیر اعظم عمران خان

کپڑا بیچنے سے قومیں امیر نہیں ہوتیں پڑھنے سے ہوتی ہیں: وزیر اعظم عمران خان

وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ قومیں کپاس اور کپڑا فروخت کرنے سے نہیں بلکہ انسانوں پر اور تعلیم پر پیسہ لگانے سے امیر ہوتی ہیں.


وزیراعظم عمران خان کا میانوالی میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ یہاں گرلز سکول نہیں تھے نہ ہسپتالوں میں نرسز اور لیڈی ڈاکٹر تھیں، اب ہم اسپتالوں میں نرسز اور لیڈی ڈاکٹر تعینات کرنے کی پلاننگ کر رہے ہیں اور میں نے حکم دیا ہے کہ یہاں کے اسپتال خود اخباروں میں اشتہار دیکر ڈاکٹر بھرتی کریں.


ان کا کہنا تھا کہ قومیں کپاس اور کپڑا بیچنے سے امیر نہیں ہوتیں بلکہ تعلیم پر خرچ کرنے سے امیر ہوتی ہیں، ہم میانوالی میں ایک عالمی معیار کی نمل یونیورسٹی بنا رہے ہیں جو ایک نالج سٹی ہو گا، یہاں سے پورے پاکستان کے لیے زرعی شعبے پر ریسرچ ہو گی۔


اپوزیشن کوتنقید کا نشانہ بناتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ ایک شہر پر پیسہ لگانے سے قومیں ترقی نہیں کرتیں، جن کے میڈیکل چیک اپ اور بچے لندن میں ہوں انہیں پسیماندہ علاقوں کا کیا احساس ہوگا۔ عمران خان کا کہنا تھا مدینہ کی ریاست کا اصول ہے کہ قانون کے سامنے سب برابر ہیں اور قانون کی بالا دستی کا مطلب ہے کہ ہم نے کمزور طبقے کو اوپر اٹھانا ہے تاکہ کوئی بھی طاقتور اس پر ظلم نہ کر سکے۔