سندھ کی وزیر صحت ڈاکٹر عذرا فضل پیچوہو نے کہا ہے کہ صوبے میں کرونا وائرس کے کیسز کی مثبت شرح بڑھی ہے لہٰذا ہم بچوں کے معاملے میں کوئی خطرہ مول نہیں لینا چاہتے۔
جیو کے ایک پروگرام میں میں انہوں نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کرونا وائرس کی دوسری لہر کی نشاندہی کی گئی ہے اور مثبت آنے والے کیسز کی شرح ڈیڑھ فیصد پر تھی جو بڑھ کر 3 فیصد تک ہوگئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ بچوں کے معاملے میں ہم کسی طرح کا خطرہ مول نہیں لینا چاہتے، ہم چاہ رہے تھے کہ جامعات ایک دو ہفتہ چلیں اور وہاں کے نتائج دیکھنے کے بعد ہم پھر کالجز، ہائی اسکولز، مڈل اور پھر جونیئر اسکولز کی طرف جاتے لیکن سب کچھ بہت جلد بازی میں ہورہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں سمجھتی ہوں کہ اس میں تحمل کا مظاہرہ کرنا چاہیے اور سب کچھ کھولنے سے قبل ایک سے 2 ماہ مزید دیکھنے چاہئیں۔