عثمان بزدار ترین گروپ کو توڑنے کے لیئے متحرک: اراکین کا ملاقاتوں میں اظہار اعتماد

عثمان بزدار ترین گروپ کو توڑنے کے لیئے متحرک: اراکین کا ملاقاتوں میں اظہار اعتماد
وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار سے جہانگیر ترین گروپ کے مزید اراکین پنجاب اسمبلی نے ملاقات کر کے ان کی قیادت پر اعتماد کا اظہار کیا ہے۔ ذرائع کے مطابق عثمان بزدار کو ترین گروپ کو بکھیرنے کا ٹاسک دیا گیا ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار سے ترین گروپ کے نعمان لنگڑیال، خواجہ داؤد سلمانی اور عبد الحئی دستی نے ملاقات کی۔
ذرائع کے مطابق ملاقات کرنے والے رہنماؤں نے عثمان بزادر کی قیادت پر اعتماد کا اظہار کیا اور کہا کہ پارٹی اور اس کی قیادت کے ساتھ کھڑے ہیں۔رکن پنجاب اسمبلی نذیر چوہان پہلے ہی ترین گروپ سے علیحدگی اختیار کر چکے ہیں جبکہ سردار خرم لغاری نے بھی گزشتہ روز وزیراعلیٰ عثمان بزدار سے ملاقات کی تھی۔
ذرائع ایوان وزیر اعلیٰ نے جہانگیر ترین گروپ کے مزید اراکین کی جانب سے بھی رابطوں کا دعویٰ کیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ جلد ترین گروپ کے مزید اراکین وزیراعلیٰ پنجاب سے ملاقات کریں گے۔
نذیر چوہان کا معاملہ
خیال رہے کہ گزشتہ دنوں وفاقی تحقیقاتی ادارے نے مشیر داخلہ شہزاد اکبر کی جانب سے درج مقدمے میں نذیر چوہان کو گرفتار کیا تھا تاہم بعدازاں فیاض چوہان نے مشیر داخلہ اور نذیر چوہان میں صلح کرادی تھی۔
نذیر چوہان نے مشیر داخلہ سے فون پر معافی مانگی تھی جس کے بعد عدالت نے بھی انہیں ضمانت پر رہا کیا۔
عدالت سے ضمانت منظور ہونے کے بعد نذیر چوہان کو جیل سے رہا کیا گیا تھا۔ اس موقع پر میڈیا سے گفتگو میں نذیر چوہان نے ترین گروپ سے علیحدگی کا اعلان کیا۔
نذیر چوہان کا کہنا تھاکہ میرا ترین گروپ سے کوئی تعلق نہیں، جہانگیر ترین نے مجھے استعمال کیا اور مشکل میں مجھے فون کال تک نہیں کی۔
نذیر چوہان کا کہنا تھا کہ میرا ایک ہی لیڈر ہے اور رہے گا، اس کا نام عمران خان ہے۔
انہوں نے کہا کہ جہانگیرترین کو شرم آنی چاہیے کہ انہوں نے اسپتال آکر میرا حال تک نہیں پوچھا، اس معاملے میں بہت سے منافق لوگوں کے چہرے سامنے آگئے۔