وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں لکھا کہ پاکستانی خلا باز کے لیے سلیکشن کے عمل کا آغاز اگلے برس سے شروع ہوگا۔ وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ مجھے بہت خوشی ہے کہ پہلے پاکستانی خلاباز کے لیے انتخابی عمل 2020 سے شروع ہو رہا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ پہلے مرحلے میں 50 خلانورد شارٹ لسٹ کریں گے جن میں سے 25 فائنل مرحلے میں جائیں گے اور 2022 میں انشاء اللّہ پہلا پاکستانی خلا میں جائے گا، یہ پاکستانی اسپیس پروگرام کے لیے تاریخ ساز اقدام ہو گا۔
مجھے بہت خوشی ہے کہ پہلے پاکستانی خلاباز کیلئے سلیکشن پراسس اگلے سال 2020 سے شروع ہو رہا ہے، پہلے مرحلے میں50 خلانورد شارٹ لسٹ کریں گے ان میں سے25 فائنل مرحلے میں جائینگے اور 2022 میں ہم انشاللہٰ پہلا پاکستانی خلاࣿ میں جائیگا، یہ پاکستان کی سپیس پروگرام کیلئےتاریخ ساز اقدام ہو گا
— Ch Fawad Hussain (@fawadchaudhry) July 25, 2019
یاد رہے کہ پاکستانی وزیر اعظم عمران خان نے دورہ چین کے دوران خلائی تحقیق میں پاکستان اور چین کے درمیان تعاون کے ایک سمجھوتے پر دستخط کیے تھے، جس میں طے پایا تھا کہ چین پاکستان کی خلائی تحقیق کی ٹیکنالوجی میں تعاون فراہم کرے گا، اس کے علاوہ چین اور پاکستان مشترکہ طور پر خلانورد خلا میں بھیجیں گے اور خلائی تحقیق کے دیگر شعبوں میں بھی ایک دوسرے سے تعاون کریں گے۔