پاکستان میں کرونا وائرس کی صورتحال بہتری کی جانب گامزن، ایک روز میں ریکارڈ 16 ہزار 813 مریض صحتیاب

پاکستان میں کرونا وائرس کی صورتحال بہتری کی جانب گامزن، ایک روز میں ریکارڈ 16 ہزار 813 مریض صحتیاب
پاکستان میں کرونا وائرس کی صورتحال تیزی سے بہتری کی جانب گامزن ہے اور ملک میں مصدقہ کیسز میں سے تقریباً 87 فیصد لوگ صحتیاب ہوگئے ہیں۔

ملک میں کرونا وائرس کے مجموعی کیسز کی تعداد 2 لاکھ 71 ہزار 860 ہے جس میں سے 5 ہزار 787 مریض انتقال کرگئے ہیں جبکہ 2 لاکھ 36 ہزار 596 صحتیاب ہوئے ہیں۔

آج 25 جولائی کی صبح تک ملک میں کرونا وائرس کے مزید 370 مریض اور 9 اموات رپورٹ ہوئیں تاہم 16 ہزار 813 مریض شفایاب ہوگئے جو ایک روز کی اب تک کی سب سے بڑی تعداد ہے۔

ملک میں اتنی بڑی تعداد میں لوگوں کے شفایاب ہونے سے ملک میں مجموعی کیسز میں سے تقریباً 87 فیصد لوگ صحتیاب ہوگئے اور فعال کیسز 30 ہزار سے بھی کم رہ گئے ہیں۔

خیال رہے کہ ملک میں کرونا وائرس کا پہلا کیس 26 فروری کو سامنے آیا تھا جس کے بعد سے اس وائرس کو یہاں 5 ماہ کا عرصہ ہوگیا ہے۔ اس 5 ماہ کے دوران 2 ماہ میں کیسز کی صورتحال کافی تشویشناک رہی تاہم جولائی کے آغاز سے ملک میں یومیہ کیسز کی تعداد میں کمی رپورٹ ہوئی۔