راولپنڈی: نوجوان نے برقعے میں ملبوس راہ چلتی لڑکی کو ہراساں کیا، عبایا سے پکڑ کر زمین پر پٹخ دیا

راولپنڈی: نوجوان نے برقعے میں ملبوس راہ چلتی لڑکی کو ہراساں کیا، عبایا سے پکڑ کر زمین پر پٹخ دیا
راولپنڈی میں عبایا میں ملبوس لڑکی کو ہراساں کرنے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی۔تفصیلات کے مطابق لڑکیوں کو سرعام ہراساں کرنے کے واقعات میں اضافہ ہونے لگا ہے۔اس حوالے سے ایک ویڈیو سامنے آئی ہے جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ایک لڑکی گلی سے گزر رہی ہے،اس دوران موٹرسائیکل سوار نوجوان اسے ہراساں کرتا ہے اور عبایا سے پکڑ کر زمین پر بری طرح سے پٹخ دیتا ہے۔

واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تو صارفین نے سخت غم و غصے کا اظہار کیا،بتایا گیا ہے کہ یہ واقعہ راولپنڈی کے علاقے ڈھوک چوہدریاں عزیز آباد میں پیش آیا جہاں موٹرسائیکل سوار نے انتہائی نازیبا حرکت کرتے ہوئے راہ چلتی لڑکی کو برقعے سے کھینچ کر گرادیا۔

سوشل صارفین کا کہنا ہے کہ اس کے خلاف سخت ایکشن ہونا چاہئے۔ راولپنڈی پولیس نے واقعے پر ردِعمل دیتے ہوئے کہا تھا کہ ریس کورس پولیس واقعہ کا مقدمہ درج کرکے تفتیش عمل میں لارہی ہے، ملزم کو انشا اللہ جلد ٹریس کرکے گرفتار کر لیا جائے گا۔

بعض صارفین کا کہنا ہے کہ راولپنڈی میں جرائم بڑھ رہے ہیں۔ برترین سٹریٹ کرائمز ہو رہے اور پولیس بعد میں صرف تسلیاں دیئے جا رہی ہے۔ صارفین نے کہا کہ آپ جب تک ڈولفن اور ٹیکٹیکل فورس کو مین بازاروں سے گلیوں میں گشت کے لئیے نہیں لگائیں گے کچھ بہتر نہیں ہو سکتا۔معروف صحافی مرتضٰی سولنگی نے کہا کہ راولپنڈی کے گیریژن ٹاؤن میں یہی کچھ ہورہا ہے۔

https://twitter.com/murtazasolangi/status/1408319389900820485

کون ہماری خواتین کی حفاظت کرے گا؟ انہوں نے وزیراعظم عمران خان کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ مسٹر خان یہ غریب عورت پوری طرح سے پردے میں موجود ہے۔ اب انہیں کیا پہننا چاہئیے۔

واضح رہے کہ وزیراعظم عمران خان نے حال ہی میں بیان دیا تھا کہ ہمارے معاشرے میں اگر عورت مختصر لباس پہنے گی تو اس کا مردوں پر اثر پڑے گا۔اس بیان کی وجہ سے ان پر سخت تنقید بھی کی گئی تھی۔