Get Alerts

پی ٹی آئی نے پنجاب، خیبرپختونخوا انتخابات ملتوی کرنے کا فیصلہ سپریم کورٹ میں چیلنج کر دیا

پی ٹی آئی نے پنجاب، خیبرپختونخوا انتخابات ملتوی کرنے کا فیصلہ سپریم کورٹ میں چیلنج کر دیا
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے الیکشن کمیشن کا  پنجاب اسمبلی کے انتخابات ملتوی کرنے کےفیصلے کےخلاف سپریم کورٹ سے رجوع کر لیا۔

پی ٹی آئی نے الیکشن تاریخ کی تبدیلی کے خلاف مشترکہ آئینی درخواست عدالت عظمی میں دائر کردی۔

سپیکر پنجاب اسمبلی سبطین خان، سپیکر کے پی کے اسمبلی مشتاق غنی نے آئینی درخواست دائر کی۔ تحریک انصاف سیکرٹری جنرل اسد عمر، میاں محمود الرشید اور عبد الرحمان بھی مشترکہ درخواستگزاروں میں شامل ہیں ۔

آئینی درخواست میں وفاق، پنجاب، خیبرپختونخوا، وزارت پارلیمانی امور وزارت قانون اور کابینہ کو فریق بنایا گیا ہے۔ درخواست میں نگران وزیراعلیٰ اور چیف سیکریٹری پنجاب کو بھی فریق بنایا گیا۔

تحریک انصاف کی مشترکہ درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ الیکشن کمیشن کا انتخابات ملتوی کرنے کا فیصلہ کالعدم قرار دیا جائے۔

درخواست میں موقف اختیار کیا گیا کہ الیکشن کمیشن نے آئینی مینڈیٹ اور عدالت کے فیصلے سے انحراف کیا۔ الیکشن کمیشن کو شیڈول کے مطابق 30 اپریل کو الیکشن کرانے کا حکم دیا جائے۔

درخواست کے مطابق وزیراعظم اور دیگر فریقین عدالتی الیکشن سے متعلق حکم کی تعمیل نہ کر کے عدالت کی توہین کر رہے ہیں۔

پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما اسد عمر نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے بتایا کہ الیکشن کمیشن کے پنجاب اسمبلی الیکشن ملتوی کرنے کے فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ میں پٹیشن جمع کروا دی گئی.

https://twitter.com/Asad_Umar/status/1639534863035383809?s=20

گزشتہ روز صدر عارف علوی نے وزیراعظم شہباز شریف کو خط میں لکھا جس میں انتخابات ملتوی کیے جانے پر تشویش کا اظہار کیا۔

ایوان صدر کی جانب سے جاری کیے گئے بیان کے مطابق خط میں صدر نے کہا کہ صوبائی اسمبلیوں کی تحلیل کے بعد 90 روز میں انتخابات کروانا ضروری ہیں۔سپریم کورٹ نے دونوں صوبوں میں انتخابات کروانے کا حکم دیا تھا۔لیکن بظاہر لگتا ہے کہ وفاقی اور نگران حکومتوں نے اداروں کے سربراہان کو الیکشن کروانے سے معذوری ظاہر کرنے کو کہا ہے۔

صدر عارف علوی نےکہا کہ آئین و قانون کے مطابق انتخابات میں معاونت فراہم کرنا اداروں کا فرض ہے۔

صدر نے کہا کہ توہین عدالت سمیت مزید پیچیدگیوں سے بچنے کے لیے وزیراعظم وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے متعلقہ حکام کو پنجاب اور خیبرپختونخوا میں مقررہ وقت میں عام انتخابات کرانے کے لیے الیکشن کمیشن کی معاونت کی ہدایت کریں۔

انہوں نے لکھا کہ میڈیا نے بنیادی اور انسانی حقوق کی واضح خلاف ورزیوں کے واقعات کو اجاگر کیا ہے۔ایسے واقعات کے تدارک اور اصلاح کیلئے انہیں وزیراعظم کے نوٹس میں لانے کی ضرورت تھی۔ وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے تمام متعلقہ انتظامی حکام کو انسانی حقوق کی پامالی سے باز رہنے کی ہدایت کی جائے۔

واضح رہے کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان نے پنجاب میں صوبائی اسمبلی کے انتخابات سے متعلق جاری الیکشن شیڈول ملتوی کر دیا۔ الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ پنجاب اسمبلی کے 30 اپریل کو ہونے والے انتخابات اب 8 اکتوبر کو ہوں گے اور ان انتخابات سے متعلق نیا انتخابی شیڈول جلد جاری کیا جائے گا۔

الیکشن کمیشن نے آئین کے آرٹیکل 218 (3) اور الیکشن ایکٹ کے سیکشن 58 اور 8 (c) کے تحت ملنے والے اختیارات کے تحت الیکشن شیڈول منسوخ کرنے کا فیصلہ کیا۔

الیکشن کمیشن نے تمام سٹیک ہولڈرز سے ملاقات کے بعد نوٹیفکیشن جاری کیا۔