بشریٰ بی بی کے سابق شوہر خاور مانیکا کو اینٹی کرپشن نے گرفتار کر لیا

ترجمان اینٹی کرپشن کا کہنا تھا کہ اینٹی کرپشن نے سرکاری رقبہ پر ناجائز تعمیرات کے الزام پر خاور فرید مانیکا کو گرفتارکر لیا ہے۔ خاور فرید مانیکا کے خلاف ڈپٹی کمشنر کے ریفرنس پر انکوائری کر رہے ہیں۔

بشریٰ بی بی کے سابق شوہر خاور مانیکا کو اینٹی کرپشن نے گرفتار کر لیا

لاہور کے محکمہ انسداد بدعنوانی ( اینٹی کرپشن) نے بشریٰ بی بی کے سابق شوہر خاور مانیکا کو ناجائز تعمیرات کے الزام میں لاہور ائر پورٹ سے گرفتار کرلیا۔

پیر کو محمکہ اینٹی کرپشن کے ترجمان نے بشریٰ بی بی کے سابق شوہر خاور مانیکا کی گرفتاری کی ایک بیان کے ذریعے تصدیق کی۔

ترجمان اینٹی کرپشن کا کہنا تھا کہ اینٹی کرپشن نے سرکاری رقبہ پر ناجائز تعمیرات کے الزام پر خاور فرید مانیکا کو گرفتارکر لیا ہے۔ خاور فرید مانیکا کے خلاف ڈپٹی کمشنر کے ریفرنس پر انکوائری کر رہے ہیں۔

ڈی سی ریفرنس میں کہا گیا ہے کہ خاور مانیکا نے قبرستان کی جگہ پر غیر قانونی شادی ہال تعمیر کیا۔ خاور فرید مانیکا نے قبرستان کی زمین پر غیر قانونی 26دوکانیں بھی تعمیر کیں۔ شادی ہال بغیر منظوری/ نقشہ قبرستان کی 4 کنال اراضی پر بنایا گیا۔ خاور فرید مانیکا ایک عرصے سے پیر اسلام قبرستان حویلی لکھا کی زمین پر ناجائز قابض ہیں ۔

ترجمان محکمہ اینٹی کرپشن نے دعویٰ کیا کہ خاور فرید مانیکا ملک سے فرار ہونے کی کوشش کر رہے تھے جسے ناکام بنا کر انہیں گرفتار کیا۔ اینٹی کرپشن کی پنجاب بھر میں کرپٹ عناصر کے خلاف بلاامتیاز کاروائیاں جاری ہیں ۔

ایف آئی اے حکام کا کہنا تھا کہ خاور مانیکا لاہور سے امارات ائیر لائن کے ذریعے دبئی جارہے تھے کہ انہیں ایف آئی اے امیگریشن کی جانب سے ایگزٹ کنٹرول لسٹ ( ای سی ایل) میں نام شامل ہونے کی بنا پر روکا گیا۔

خاور مانیکا لاہورعلامہ اقبال انٹر نیشنل ائیرپورٹ پر موجود ہیں جبکہ خاور مانیکا پر اینٹی کرپشن نے مقدمہ درج کرا رکھا ہے۔