سابق ٹیسٹ کرکٹر سرفراز نواز کی اکیڈمی سیل، عمران خان سے نوٹس کا مطالبہ

سابق ٹیسٹ کرکٹر سرفراز نواز کی اکیڈمی سیل، عمران خان سے نوٹس کا مطالبہ
میٹروپولیٹن کارپوریشن اسلام آباد کے شعبہ سپورٹس نے سابق ٹیسٹ کرکٹر سرفراز نواز کی اکیڈمی کو بغیر نوٹس سیل کردیا، لندن اسپتال میں زیر علاج سابق ٹیسٹ کرکٹر نے عمران خان سے نوٹس لینے کا مطالبہ کردیا۔

تفصیلات کے مطابق میٹروپولیٹن کارپوریشن اسلام آباد کے شعبہ سپورٹس کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر شہزاد چودھری نے سیکٹر ایف سیون ون میں واقع سرفراز نواز اکیڈمی کو سیل کر کے وہاں پر کھلاڑیوں کے لیے لگائے گئے تمام آلات کو قبضے میں لے لیا ہے۔

اکیڈمی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ سرفراز نواز اوپن ہارٹ سرجری کے باعث لندن کے اسپتال میں زیر علاج ہیں جس کا فائدہ اٹھا کر اکیڈمی پر قبضہ کیا گیا۔



اکیڈمی انتظامیہ نے مزید بتایا کہ میٹروپولیٹن کارپوریشن اسلام آباد کا بدنام زمانہ افسر شہر کے مختلف گراونڈز پر قبضے کرکے من پسند افراد کو دلوانا چاہتا ہے۔

سرفراز نواز کے مطابق اکیڈمی کبھی کمرشل مقاصد کے لیے استعمال نہیں ہوئی اور ایم سی آئی نے بغیر نوٹس اکیڈمی سیل کردی۔

ذرائع کے مطابق اس وقت اسلام آباد کے 45 گراونڈز بااثر افراد کے قبضے میں ہیں جنہیں ایم سی آئی کے شعبہ سپورٹس میں تعینات افسر شہزاد چودھری کی پشت پناہی حاصل ہے۔ واضح رہے کہ شہزاد چودھری سی ڈی اے یونین کے سابق سیکرٹری چودھری یاسین کے صاحبزادے ہیں۔

سابق ٹیسٹ کرکٹر کے مطابق من پسند افراد کو نوازنے کے لیے اسسٹنٹ ڈائریکٹر شہزاد چودھری اختیارات کا ناجائز استعمال کررہے ہیں۔ سرفراز نواز نے وزیر اعظم عمران خان سے اپیل کی کہ اکیڈمی پر قبضے کا نوٹس لیا جائے۔

واضح رہے کہ اسلام آباد میں کرکٹ کی بہتری کے لیے سابق چیئرمین سی ڈی اے کامران لاشاری نے سابق ٹیسٹ کرکٹر کو اکیڈمی الاٹ کی تھی، جہاں نوجوان کھلاڑیوں کو کرکٹ سکھائی جاتی تھی۔