سابق وزیر اعظم و مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف کا کہنا ہے کہ عمران خان کو لانے والے اب گرینڈ نیشنل ڈائیلاگ کا شوشہ چھوڑ رہے ہیں۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹوئٹ میں نواز شریف نے کہا کہ 'ووٹ چوری کرکے عمران خان کو لانے والے اب گرینڈ نیشنل ڈائیلاگ کا شوشہ چھوڑ رہے ہیں، جس کا مقصد اس نااہل و کرپٹ حکومت اور سلیکٹرز کو پی ڈی ایم سے سے این آر او دلوانا ہے'۔
نواز شریف نے کہا کہ 'ہماری جدوجہد عوامی مشکلات کے حل اور ووٹ کو عزت دو کے لیے ہے جبکہ ایسے کسی ڈائیلاگ کا حصہ بننا اپنے مقدس مقصد سے پیچھے ہٹنے کے مترادف ہوگا'۔
https://twitter.com/NawazSharifMNS/status/1342495362431512578
دوسری جانب مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے ٹوئٹ میں کہا کہ ' پی ڈی ایم کا فیصلہ ہے کہ کوئی مذاکرات نہیں کیے جائیں گے اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد پوری طرح اس موقف کے ساتھ کھڑے ہیں'۔
ان کا کہنا تھا کہ 'اس لیے کسی طرح کے مِنی یا گرینڈ ڈائیلاگ کی باتیں بے معنی ہیں، اس جعلی اور کٹھ پتلی حکومت کو کسی طرح کا این آر او نہیں ملے گا اور یہ پوری قوم کا فیصلہ ہے'۔
https://twitter.com/MaryamNSharif/status/1342500481373913095
واضح رہے کہ سیاسی حلقوں میں ان دنوں حکومتی اور پی ڈی ایم رہنماؤں کے درمیان پس پردہ بات چیت کی بازگشت سنائی دے رہی ہے۔