نواز شریف، آصف زرداری سمیت متعدد شخصیات کے کاغذات نامزدگی منظور

وکیل امجد پرویز نے کہا کہ قانون میں دی گئی تمام شرائط پر نواز شریف کا کیس پورا اترتا ہے.  الیکشن کمیشن نے بتایا کہ کاغذات کی سکروٹنی کے لیے پورٹل بنارکھا ہے۔الیکشن کمیشن کے پورٹل پر جو بھی چیزیں درکار ہیں نواز شریف اس پر پورا اترتے ہیں۔

نواز شریف، آصف زرداری سمیت متعدد شخصیات کے کاغذات نامزدگی منظور

پاکستان میں 8 فروری کو ہونے والے عام انتخابات کے لیے امیدواروں کی جانب سے جمع کرائے گئے کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کا عمل شروع ہو چکا ہے۔ الیکشن کمیشن نے سابق وزیراعظم نواز شریف کے این اے 130 لاہور کے لیے کاغذات نامزدگی منظور کرلیے ہیں۔

  مسلم لیگ ن کےرہنما بلال یاسین نے کہا کہ پارٹی کے قائد نواز شریف کے کاغذات نامزدگی منظور لیے گئے ہیں۔ وہ مستقبل کے وزیراعظم ہوں گے۔

نواز شریف کے کاغذات نامزدگی بلال یاسین نے جمع کروائے تھے۔ ریٹرننگ افسر کے مطابق نواز شریف کے کاغذات نامزدگی پر کوئی اعتراض نہیں۔ کاغذات نامزدگی میں تمام کوائف مکمل ہیں۔

وکیل امجد پرویز نے کہا کہ قانون میں دی گئی تمام شرائط پر نواز شریف کا کیس پورا اترتا ہے.  الیکشن کمیشن نے بتایا کہ کاغذات کی سکروٹنی کے لیے پورٹل بنارکھا ہے۔الیکشن کمیشن کے پورٹل پر جو بھی چیزیں درکار ہیں نواز شریف اس پر پورا اترتے ہیں۔

سابق صدر آصف زرداری کے نوابشاہ سے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 207 سے کاغذات نامزدگی منظور کیے گئے ہیں۔ پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے قومی اسمبلی کے حلقے این اے 194 لاڑکانہ ون سے کاغذات نامزدگی منظور کرلیے گئے۔  این اے 243 سے پی پی کے امیدوار عبدالقادر پٹیل کے فارم بھی منظور ہو گئے ہیں۔

سابق سپیکر قومی اسمبلی اور ن لیگی رہنما ایاز صادق کے لاہور کے حلقے این اے 121 کے لیے جمع کرائے گئے کاغذات نامزدگی  منظور کر لیے گئے ہیں۔ سابق وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز کے این اے 118 سے کاغذات کی جانچ پڑتال مکمل کر لی گئی۔

قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 56 سے سابق وفاقی وزیر شیخ رشید اور سابق ضلعی ناظم طارق محبوب کیانی کے کاغذات نامزدگی منظور ہوگئے ہیں۔

قومی اور صوبائی اسمبلی کی خواتین کی مخصوص نشستوں پر آج مسلم لیگ ن اور پیپلزپارٹی کے امیدواروں کی سکروٹنی کا عمل جاری ہے۔

قومی اسمبلی کی مخصوص نشست پرمریم اورنگزیب، حنا ربانی کھر سمیت لیگی رہنما شائستہ پرویز جب کہ صوبائی مخصوص نشستوں پرعظمی بخاری،حنا پرویز بٹ اور ذکیہ شاہنواز کے کاغذات منظور کرلیے گئے۔

این اے 128 اور این اے 123 سے لیاقت بلوچ کے کاغذات منظور، راشد شفیق کے پی پی 19 سے کاغذات منظور کیے گئے ہیں۔

راولپنڈی کے حلقہ این اے 56 کاغذات کی جانچ پڑتال کے لیے ریٹرننگ آفسر نے آج 6 امیدواروں کو طلب کر رکھا ہے۔

طلب کردہ امیدواروں میں انیل بابر، ناصرمحمود، طلحہ افراسیاب، دانیال چوہدری اور محمد ضیاء الرحمان شامل ہیں، طلب کردہ امیدواروں کے کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کی جائے گی۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر تصدیق کرتے ہوئے تحریک انصاف کے رہنما اور سابق وفاقی وزیر حماد اظہر نے کہا کہ قومی اسمبلی کے حلقہ 129 سے ان کے کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال ہوئی اور انہیں منظور کر لیا گیا۔ 

اس کے علاوہ پی ٹی آئی کے سردار لطیف کھوسہ کے این اے 127 سے کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال مکمل ہونے کے بعد منظور کرلیے گئے ہیں۔

ایم کیو ایم کے امین الحق کےاین اے 246 اوراحسن غوری کے کاغذات نامزدگی این اے 90 سے منظور ہوئے ہیں۔

قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 53 سے آزاد امیدوار چودھری نثار علی خان کے کاغذات نامزدگی منظورکر لیے گئے ہیں۔

دوسری جانب الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے کاغذات نامزدگی کی تفصیلات اور اس کی مد میں وصول ہونے والی فیس کی تفصیل جاری کردی گئی۔

اعلامیے کے مطابق الیکشن کمیشن کو صوبائی اسمبلیوں کے لیے کاغذات نامزدگیوں کی مد میں 40 کروڑ 60 لاکھ 80 ہزار روپے موصول ہوئے۔ اس میں سے قومی اسمبلی کی نشستوں پر 8312 کاغذات نامزدگی کی مد میں 24 کروڑ 96 لاکھ روپے 60 ہزارموصول ہوئے۔

اعلامیے کے مطابق قومی اسمبلی کی جنرل نشستوں کے لیے 7713 کاغذات نامزدگی کی فیس کی مد میں 23 کڑور 13 لاکھ 90 ہزار روپے، خواتین کی مخصوص نشستوں کے لیے 459 کاغذات نامزدگی کی فیس کی مد میں 1 کڑور 37 لاکھ 70 ہزار روپے موصول ہوئے۔