سابق وزیر خارجہ اور چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کے کاغذات نامزدگی پر اعتراض دائر کردیا گیا۔
پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے 8 فروری کو ہونے والے عام انتخابات کے لیے ملک بھر میں قومی اسمبلی کے تین حلقوں لاڑکانہ، شہدادکوٹ اور لاہور سے کاغذات نامزدگی جمع کرائے تھے جن میں لاہور کے حلقہ این اے 127 پر شہری کی جانب سے اعتراض دائر کیا گیاہے۔ شہری محمد ایاز نے بلاول بھٹو زرداری کے کاغذات نامزدگی پر اعتراض کی درخواست ریٹرننگ افسر کو جمع کروا دی۔
درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ بلاول بھٹو نے اپنے کاغذات نامزدگی میں پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرینز سے وابستگی ظاہر کی۔ پاکستان پیپلز پارٹی اور پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹرینز الگ الگ سیاسی جماعتیں ہیں۔
شہری نے اپنی درخواست میں کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کا انتخابی نشان تلوار اور پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹرینز کا نشان تیر ہے۔
درخواست میں مزید کہا گیا کہ بلاول بھٹو زرداری پیپلز پارٹی کے چیئرمین اور آصف زرداری پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرینز کے صدر ہیں۔ الیکشن ایکٹ 2017 کے مطابق ایک شخص ایک وقت میں ایک جماعت کا رکن ہوسکتا ہے۔ لہذا یہ الیکشن ایکٹ کی خلاف وزری ہورہی ہے۔
بلاول بھٹو کے کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال 28 دسمبر کو ہوگی۔