Get Alerts

مریم نواز کے کاغذات نامزدگی پر بھی اعتراض دائر

درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ مریم نواز مختلف مقدمات میں سزا یافتہ ہیں اور ان کے پنجاب اسمبلی کے حلقہ پی پی 80 پر جمع کرائے گئے کاغذات پر دستخط بھی جعلی کیے گئے ہیں لہٰذا کاغذات نامزدگی مسترد کیے جائیں۔

مریم نواز کے کاغذات نامزدگی پر بھی اعتراض دائر

پاکستان مسلم لیگ ن کی چیف آرگنائزر مریم نواز کے سرگودھا سے جمع کرائے گئے کاغذات نامزدگی پر اعتراض داخل کر دیا گیا ہے۔

ن لیگ کی چیف آرگنائزر مریم نواز نے 8 فروری کو ہونے والے عام انتخابات کے لاہور، کراچی اور سرگودھا سے کاغذات نامزدگی جمع کرائے ہیں ان میں سے سرگودھا پر جمع کرائے گئے کاغذات نامزدگی پر اعتراض داخل کر دیا گیا ہے۔سرگودھا کے ایک شہری نے متعلقہ ریٹرننگ افسر کو درخواست دی ہے۔
درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ مریم نواز مختلف مقدمات میں سزا یافتہ ہیں اور ان کے پنجاب اسمبلی کے حلقہ پی پی 80 پر جمع کرائے گئے کاغذات پر دستخط بھی جعلی کیے گئے ہیں۔

درخواست گزار نے استدعا کی ہے کہ مریم نواز کے کاغذات نامزدگی مسترد کیے جائیں۔

واضح رہے کہ اس سے قبل پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے لاہور سے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 127 پر جمع کرائے گئے کاغذات نامزدگی پر بھی اعتراض دائر کیا گیا ہے۔

اعتراض پر مبنی یہ درخواست مذکورہ حلقے کے ایک شہری کی جانب سے متعلقہ ریٹرننگ افسر کو جمع کرائی گئی ہے جس میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ بلاول بھٹو نے اپنے کاغذات نامزدگی میں پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرینز سے وابستگی ظاہر کی۔ پاکستان پیپلز پارٹی اور پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹرینز الگ الگ سیاسی جماعتیں ہیں۔

شہری نے اپنی درخواست میں کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کا انتخابی نشان تلوار اور پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹرینز کا نشان تیر ہے۔

درخواست میں مزید کہا گیا کہ بلاول بھٹو زرداری پیپلز پارٹی کے چیئرمین اور آصف زرداری پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرینز کے صدر ہیں۔ الیکشن ایکٹ 2017 کے مطابق ایک شخص ایک وقت میں ایک جماعت کا رکن ہوسکتا ہے۔ لہذا یہ الیکشن ایکٹ کی خلاف وزری ہورہی ہے۔