Get Alerts

عام انتخابات؛ کاغذات نامزدگی جمع کرانے کی تاریخ میں 2دن کی توسیع

الیکشن کمیشن نے نظر ثانی شدہ انتخابی شیڈول بھی جاری کر دیا ہے جس میں بتایا گیا ہے کہ ریٹرننگ افسران کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال 25 سے 30 دسمبر تک کریں گے۔

عام انتخابات؛ کاغذات نامزدگی جمع کرانے کی تاریخ میں 2دن کی توسیع

الیکشن کمیشن آف پاکستان نے الیکشن شیڈول پر نظرثانی کرتے ہوئے کاغذات نامزدگی جمع کرانے کی تاریخ میں دو دن کی توسیع کردی ہے۔ نظر ثانی شدہ شیڈول جاری کردیا گیا۔ اب الیکشن میں حصہ لینے کے خواہش مند امیدواران 24 دسمبر تک کاغذات نامزدگی جمع کرا سکتے ہیں۔

الیکشن کمیشن نے کاغذات نامزدگی جمع کروانے کے وقت میں 2 دن کا اضافہ کر دیا ہے۔ کاغذات نامزدگی اب 24 دسمبر تک جمع کرائے جاسکیں گے ۔

اس حوالے سے الیکشن کمیشن نے نظر ثانی شدہ انتخابی شیڈول بھی جاری کر دیا ہے جس میں بتایا گیا ہے کہ ریٹرننگ افسران کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال 25 سے 30 دسمبر تک کریں گے۔

  الیکشن کمیشن کے مطابق سیاسی جماعتیں مخصوص نشستوں کے لیے ترجیحی فہرستیں 24 دسمبر تک ریٹرننگ افسران کے پاس جمع کروائیں۔ انتخابی شیڈول میں شامل دیگر سرگرمیاں اپنی مقرر کردہ تاریخوں پر ہوں گی۔

واضح رہے کہ پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما سینیٹر اسحاق ڈار نے گزشتہ روز   الیکشن کمیشن کو مراسلہ ارسال کیا تھا۔ مسلم لیگ ن الیکشن سیل کے سربراہ اسحاق ڈار نے پارٹی قائد کی ہدایت پر خط میں لکھا کہ الیکشن کمیشن پولنگ تاریخ میں تبدیلی کیے بغیر شیڈول میں ترمیم کر سکتا ہے۔ کاغذات نامزدگی جمع کرانے کے لیے صرف 3 دن دیے گئے ہیں۔ کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کے لیے 7 دن مختص کئے گئے ہیں۔

مراسلے میں کہا گیا تھا کہ کاغذات نامزدگی جمع کراتے وقت اس کے ساتھ مختلف دستاویزات بھی جمع کرانا ہوتی ہیں۔ کاغذات نامزدگی کے ساتھ مختلف سرکاری محکموں کے این او سی بھی منسلک کرنا ہوتے ہیں۔ دستاویزات مکمل کرنے کے لیے وقت درکار ہوتا ہے۔ جب کہ دستاویزات مکمل نہ ہونے پر کاغذات مسترد ہو جاتے ہیں۔

اس صورتحال کے ذکر کے ساتھ الیکشن کمیشن سے استدعا کی گئی تھی کہ امیدواروں کی سہولت کے لیے فروری کی پولنگ تاریخ تبدیل کیے بغیر الیکشن شیڈول میں ترمیم کرتے ہوئے کاغذات نامزدگی جمع کرانے کی تاریخ میں 2 روز کی توسیع کرے۔

مسلم لیگ (ن) کے علاوہ جے یو آئی (ف)، متحدہ قومی موومنٹ (پاکستان)، بلوچستان عوامی پارٹی اور استحکامِ پاکستان پارٹی سمیت 5سیاسی جماعتیں تاریخ میں توسیع کا مطالبہ کرچکی ہیں۔

یاد رہے کہ اس سے قبل الیکشن کمیشن آف پاکستان نے 8فروری کو انتخابات کا اعلان کرتے ہوئے الیکشن کا شیڈول جاری کیا تھا جس کے مطابق امیدواروں کو 20 سے 22دسمبر تک کاغذاتِ نامزدگی جمع کرانے کی اجازت دی گئی تھی۔