کلین اینڈ گرین پاکستان مہم، ایئرپورٹس پر پلاسٹک بیگز کا استعمال ممنوع قرار

کلین اینڈ گرین پاکستان مہم، ایئرپورٹس پر پلاسٹک بیگز کا استعمال ممنوع قرار
ملک بھر کے ایئرپورٹس پر پلاسٹک بیگز کے استعمال پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔ وزیر اعظم عمران خان کی کلین اور گرین مہم کے تحت سی اے اے نے پلاسٹک بیگز پر پابندی لگائی ہے۔

سول ایوی ایشن اتھارٹی نے اس ضمن میں جہازوں میں مسافروں کو پیش کئے جانے والے کھانے میں بھی پلاسٹک کی تھیلیوں کے استعمال پر پابندی عائد کی ہے۔

سیکریٹری ایوی ایشن نے سی اے اے حکام کو ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ صحت مند ماحول کے لئے پلاسٹک بیگز کی جگہ کاغذ اور ماحول دوست بیگز استعمال کیے جائیں۔ اسی طرح ایئر پورٹس پر ریسٹورنٹ اور دیگر شاپس پر بھی پلاسٹک بیگز کے استعمال پر بھی پابندی ہو گی۔

واضح رہے کہ 16 جولائی کو وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت ہونے والے وفاقی کابینہ کے اجلاس میں وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں پلاسٹک بیگز پر مکمل پابندی کی منظوری دی گئی تھی، اس منظوری کے بعد 14 اگست سے اسلام آباد میں پلاسٹک بیگز کی مینوفیکچرنگ، پرچیزنگ، سیلنگ اور استعمال پر پابندی عائد ہوگی۔