Get Alerts

پی آئی اے کے مسافر بیجنگ سے چین کے 16 شہروں کا سفر کر سکیں گے

پی آئی اے کے مسافر بیجنگ سے چین کے 16 شہروں کا سفر کر سکیں گے
پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائنز ( پی آئی اے) اور ایئر چائنا کے درمیان شراکت داری کی بدولت مسافر اب پاکستان سے بیجنگ کے راستے چین کے مزید 16 شہروں کے لیے پرواز کر سکیں گے۔

پی آئی اے اور اِئیرچائنا میں پارٹنر شپ معاہدہ ہوگیا جس کے تحت قومی ائیرلائن کراچی،اسلام آباد اور لاہور سمیت دیگر شہروں سے چین کے 16 شہروں کے لیے فلائٹ آپریشن شروع کرے گا۔ پروازوں کا آغاز اگلے ماہ سے ہوگا جس سے پاکستانی تاجروں کو چین کے تمام بڑے تجارتی اور صنعتی شہروں تک آسان رسائی حاصل ہو جائے گی۔

چین میں پروازوں کا نیٹ ورک بڑھانے سے ائیرلائن کی آمدنی میں بھی اضافہ ہوگا۔

ترجمان پی آئی اے کے مطابق پاکستانی مسافر پی آئی اے ٹکٹ پر بیجنگ کے علاوہ چین کے مزید 16 شہروں تک سفر کر سکیں گے۔ چینی شہروں میں گوانگزو، شنگھائی، ووہان، چینگڈو، چونگ کنگ، چانگچون، ہانگ زو، ہاربن وغیرہ شامل ہیں۔

پی آئی اے پاکستان سے مسافروں کو بیجنگ پہنچائے گی۔ ائیرچائنا بیجنگ سے مسافروں کو چین کے دیگر 16 شہروں تک لے جائے گی۔ پی آئی اے بیجنگ کے علاوہ شنگھائی سمیت چین کے 16 شہروں کے لئے ٹکٹ فروخت کرے گی۔

پی آئی اے پاکستان اور چین کے درمیان پروازوں پر طلبا کے لیے کرایوں میں 20 فیصد رعایت دے رہی ہے۔ پی آئی اے اکانومی کلاس کے لیے 80 کلوگرام اور ایگزیکٹیو اکانومی کلاس کے لیے 100 کلوگرام تک مفت سامان کے ساتھ کم ترین کرایوں کی بھی پیشکش کر رکھی ہے۔

پی آئی اے پہلے ہی اعلان کر چکی ہے کہ وہ 6 اگست سے چین کے لیے اپنا فلائٹ آپریشن دوبارہ شروع کرے گی۔ ابتدائی طور پر پی آئی اے ہر اتوار کو اسلام آباد۔ بیجنگ۔اسلام آباد روٹ پر ہفتہ وار ایک فلائٹ چلائے گی اور بیجنگ سے 21:15 پر روانہ ہوگی۔

پی آئی اے اہلکار کے مطابق بیجنگ سے اسلام آباد کا یک طرفہ کرایہ 3814 آر ایم بی ہے ریٹرن ٹکٹ کا کرایہ 5685 آر ایم بی ہے۔ اگر ٹکٹ آن لائن خریدے جائیں تو مسافروں کو مزید رعایت بھی مل سکتی ہے۔