مجھے جیل میں چوہوں کا بچا ہوا کھانا، فنگس زدہ دوائی دی گئی: مریم نواز

مجھے جیل میں چوہوں کا بچا ہوا کھانا، فنگس زدہ دوائی دی گئی: مریم نواز
  پاکستان مسلم لیگ نواز کی نائب صدر مریم نواز نے الزام عائد کیا ہے کہ جب جیل میں تھی تو مجھے چوہوں کا بچا ہوا کھانا کھلایا جاتا تھا۔اپنی رہائشگاہ جاتی امرا میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مجھے تھارائیڈ کا مسئلہ تھا اور مجھےادویات بھی صحیح نہیں دی جاتی تھیں۔ میں جیل میں فنگس زدہ ادویات کھانے پر مجبور تھی۔

مریم نواز نے کہا کہ جس طرح کے ملک کے حالات ہوچکے ہیں، اس میں حکومت کاجانا بنتا ہے۔ عمران خان کو تو اس قابل بھی نہیں سمجھتے کہ لوگ ان کو الزام دیں۔ عمران خان کہتے ہیں کہ میرے بہنوئی کے دوست کے پلاٹ پر قبضہ ہے۔ کوئی وزیراعظم کو بتانے والا نہیں کہ ایسی باتیں ٹی وی پر نہیں کرتے۔

انہوں نے کہا کہ حمزہ شہباز کو بھی نوازشریف سے وفاداری کی سزادی جارہی ہے۔ شہباز شریف نوازشریف سے وفاداری کی وجہ سے قید کاٹ رہے ہیں۔

صحافی کے سوال پر کہ جس طرف حالات جا رہے ہیں ہم کسی خوفناک حادثے کا شکار ہوسکتے ہیں؟ مریم نواز نے کہا کہ میرا بھی یہی خوف ہے۔ لوگوں کو حوصلہ کرنا پڑے گا، لوگ اٹھ رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ آئے روز پنجاب پولیس کے انسپکٹر جنرلز تبدیل ہورہے۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پشاور ہائی کورٹ کے چیف جسٹس وقار سیٹھ تاریخ میں امر ہوگئے ہیں۔ ہمیشہ نوکری نہیں بچائی جاتی، نوکری کے بعد بھی کچھ ہوتا ہے۔

مریم نواز نے کہا کہ دادی کی وفات سے دو تین روز قبل ویڈیولنک پربات ہوئی تھی۔ دادی کی یاد داشت کمزور ہوچکی تھی۔ آخری بار جب دادی سے بات ہوئی تو وہ پوچھ رہی تھیں کہ کیا تم جیل سے باہرآگئی ہو۔ میری دادی سمجھ رہی تھیں کہ میں ابھی تک جیل میں ہوں۔

مریم نواز نے کہا کہ میری دادی کو نوازشریف اور شہبازشریف سے بہت محبت تھی۔ میرے والد دادی کے بغیر کھانا نہیں کھاتے تھے۔ میری دادی کو بھی میرے والد سے بہت محبت تھی۔