ملک کے اصل طاقت ور آپ ہیں، آپ کیسے نیوٹرل رہ سکتے ہیں: عمران خان

ملک کے اصل طاقت ور آپ ہیں، آپ کیسے نیوٹرل رہ سکتے ہیں: عمران خان
سیالکوٹ میں وکلا سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا ہے کہ ہمیں کہا گیا کہ ہم نیوٹرل ہیں۔ اس ملک میں طاقت آپ کے پاس ہے، آپ کیسے نیوٹرل رہ سکتے ہیں۔ یہ تو ایسا ہی ہے کہ گھر میں چوری ہو جائے اور چوکیدار کہے کہ میں تو نیوٹرل ہوں۔ ملک کے اوپر ڈاکوؤں کو بٹھا کے آپ کہتے ہیں کہ ہم نیوٹرل ہیں۔ میں آپ سے کہتا ہوں کہ آپ فیصلہ کریں کہ چوروں کے ساتھ کھڑے ہونا ہے یا ہمارے ساتھ کھڑے ہونا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اعظم سواتی نے ایک ٹویٹ کر دی تو کون سا آسمان گر گیا۔ 75 سال کے بزرگ کو ننگا کرکے ان پر ظلم کیا گیا۔ یہ آئین کی خلاف ورزی کرتے ہیں اور سب ان سے ڈرتے ہیں، ڈر کے مارے ان سے پوچھتا کوئی نہیں۔ نامعلوم نمبر سے فون آتا ہے کہ یہ کر دیں گے وہ کر دیں گے تو لوگ ڈر جاتے ہیں۔ یہ تھوڑے سے لوگ ڈرا دھمکا کے ہمیں چپ کرا دیتے ہیں اور ہم پر ظلم کرتے ہیں۔ میں پوچھتا ہوں کیوں ٹی وی چینل کو فون کیا تھا کہ ارشد شریف کی کہانی کو دباؤ؟

عمران خان کا کہنا تھا کہ مدینہ کی ریاست میں بھی پہلے انصاف قائم کیا گیا تھا پھر خوش حالی آئی تھی۔ مغربی ملکوں میں بھی پہلے خوشحالی نہیں آئی، وہاں بھی پہلے قانون کی حکمرانی قائم کی گئی۔ جب انصاف نہیں ہوتا تو کرپشن ہوتی ہے، قبضہ گروپ پیدا ہوتے ہیں۔

اس سے قبل گورنمنٹ مرے کالج سیالکوٹ میں خطاب کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا ہے کہ جمعے کو لاہور سے نکلوں گا اور تب تک جدوجہد کروں گا جب تک عوام کو اپنی قیادت منتخب کرنے کا اختیار نہیں ملتا۔ پرانے اور نئے کارکن سب اکٹھے ہو جائیں۔ یہ نہ کرسی کی جنگ ہے اور نہ سیاست ہو رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ جانور ناانصافی کے خلاف کھڑے نہیں ہوتے جبکہ زندہ معاشرہ ظلم اور زیادتی کے خلاف کھڑا ہوتا ہے، خوف کی وجہ سے ظالم کے خلاف کھڑا ہونے سے نہیں ڈرتا۔ جو ظالم کے سامنے کھڑا ہوتا ہے اور اس کی جان جاتی ہے تو اللہ کی نظر میں وہ شہید ہوتا ہے۔ بیرونی سازش کے تحت چوروں کو ہم پر مسلط کیا گیا۔ ارشد شریف رجیم چینج کے خلاف جہاد کر رہا تھا۔ ارشد شریف نے حق کے لیے جان قربان کی، قوم اسے شہید کے طور پہ یاد رکھے گی۔

عمران خان کا مزید کہنا تھا کہ کوفے کے لوگ جانتے تھے کہ امام حسینؒ حق پہ کھڑے ہیں مگر وہ یزید کے خوف کی وجہ سے ان کے ساتھ کھڑے نہ ہوئے اور اس کے بعد ساری عمر پچھتاتے رہے۔ اللہ کے سارے پیغمبروں نے ظالموں کا مقابلہ کیا۔ سب انصاف کے لیے کھڑے ہوئے۔ آپ نوجوان مستقبل لیڈر ہو، لیڈر تب بنتا ہے جب وہ ظلم کے خلاف کھڑا ہوتا ہے۔ نوجوانوں کا مستقبل چوروں کی وجہ سے خطرے میں ہے۔ ہمیں اس ظلم، نا انصافی اور جرائم پیشہ لوگوں کے خلاف آواز اٹھانی ہے۔ چوروں کو شکست دے کر ملک کو حقیقی آزادی دلوائیں گے اور قائداعظم کا پاکستان بنائیں گے۔

عمران خان نے نوجوانوں اور وکلا سے حلف بھی لیا کہ وہ حقیقی آزادی ملنے تک جدوجہد جاری رکھیں گے۔