Get Alerts

سعودی عرب نے پاکستان سمیت دیگر ممالک کے عمرہ زائرین کے داخلے پر پابندی لگا دی

سعودی عرب نے پاکستان سمیت دیگر ممالک کے عمرہ زائرین کے داخلے پر پابندی لگا دی
سعودی عرب نے نئے کرونا وائرس سے متاثرہ ممالک کے عوام کے لیے عمرہ اور سیاحت کو عارضی طور پر معطل کر دیا ہے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق مسلمانوں کے لیے مذہبی اہمیت کے حامل مکہ اور مدینہ شہر کی خادم سعودی ریاست سالانہ لاکھوں مسلمانوں کی میزبانی کرتی ہے جبکہ حج کے موقع پر اس تعداد میں مزید اضافہ ہو جاتا ہے۔ تاہم، اب سعودی حکومت نے عمرہ زائرین پر پابندی عائد کر دی ہے۔ اس حوالے سے وزارت امور خارجہ نے بیان میں کہا کہ یہ معطلی عارضی ہے تاہم انہوں نے اس کے خاتمے کا وقت نہیں بتایا، ساتھ ہی یہ بات بھی واضح نہیں کہ جولائی کے مہینے میں آنے والا حج اس سے متاثر ہو گا یا نہیں۔

اس کے علاوہ مدینہ منورہ میں مسجد نبوی میں داخلہ بھی معطل کر دیا گیا ہے۔

خیال رہے کہ سعودی عرب میں اس وقت تک کرونا وائرس کا کوئی کیس سامنے نہیں آیا تاہم اس کے پڑوسی ممالک میں یہ پھیل چکا ہے۔ اپنے بیان میں وزارت خارجہ نے یہ واضح نہیں کیا کہ اس معطلی سے کون سے ممالک متاثر ہوں گے تاہم ان کا کہنا تھا کہ سعودی عرب کے صحت حکام اس کا فیصلہ کریں گے کہ وائرس کہاں پر خطرناک حد تک ہے۔

دوسری جانب وزارت ہوا بازی کی جانب سے جاری اعلامیہ میں بتایا گیا کہ سعودی حکومت کی ہدایات پر پاکستان سے روانہ ہونے والے عمرہ زائرین اور سیاحتی ویزہ رکھنے والے افراد سعودی عرب کے لئے سفر نہیں کر سکیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان پروازیں معمول کے مطابق آپریٹ کی جارہی ہیں۔ سعودی عرب کا اقامہ اور مستقل قیام کی اجازت رکھنے والے افراد سعودی عرب کے لیے سفر کر سکتے ہیں۔ پی آئی اے سعودیہ میں مقیم عمرہ زائرین کی وطن واپسی تک اپنی پروازیں معمول کے مطابق جاری رکھے گی۔