موٹروے پر قائم شاپس اور ہوٹلز ضلعی انتظامیہ سے منظور شدہ ریٹ لسٹ آویزاں کرینگے: چئیرمین این ایچ اے 

موٹروے پر قائم شاپس اور ہوٹلز ضلعی انتظامیہ سے منظور شدہ ریٹ لسٹ آویزاں کرینگے: چئیرمین این ایچ اے 





ایوان بالا میں سینیٹر بہرہ مند خان تنگی کی جانب سے اٹھائے گئے عوامی اہمیت کی مسئلے پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کمیٹی اراکین نے کہا کہ  موٹرویز پر قائم ہوٹلز اور دیگر شاپس پر نہ صرف چیزیں انتہائی مہنگے داموں فروخت کی جاتی ہیں بلکہ ان کا معیار بھی خراب ہوتا ہے۔


کمیٹی اراکین نے کہا کہ موٹر ویزپر یہ بھی دیکھنے میں آیا کہ باتھ روم استعما ل کرنے پر چارجز وصول کیے جاتے ہیں۔ قائمہ کمیٹی یہ مسئلہ کئی بار اٹھایا گیا ہے۔ قائمہ کمیٹی کو بتایا جائے کہ کتنی دفعہ کھانے کی اشیاء کا معیار چیک کیا گیا ہے اور کتنے لوگوں کے لائسنس معطل کیے گئے ہیں۔


جس پر چیئرمین این ایچ اے نے کہا کہ ایم II پر ایگزیکٹو باتھ روم استعمال کرنے پر چارجز وصول کیے جاتے ہیں البتہ کمیونٹی باتھ روم فری ہیں۔ انہوں نے کہا کہ موٹر ویز پر مہنگی اشیاء کا مسئلہ بہت سنجیدہ ہے۔ پی ایم پورٹل پر بھی شکایات وصول ہوئی ہیں۔ مقامی انتظامیہ کی ذمہ داری ہے کہ وہ ریٹ لسٹ اور معیار کو چیک کریں۔

اس حوالے سے مقامی انتظامیہ کو خطوط بھی لکھے گئے ہیں اور متعلقہ انتظامیہ افسر کا نمبر بھی موٹر ویز پر قائم جگہوں پر لکھ دیا گیا ہے کہ شکایت درج کروا سکیں۔ ایک افسر نے اپنے پی ایس کا نمبر لکھوایا اسے معطل بھی کیا گیا ہے۔


سروسز ایریا کو پابند کیا گیا ہے کہ ضلعی انتظامیہ سے منظور شدہ ریٹ لسٹ آویزاں کریں اور عوام سے اپیل کرتے ہیں کہ اپنی شکایت کو متعلقہ انتظامیہ کے فون پر اندراج کروائیں تاکہ ان لوگوں کے خلاف موثر کارروائی کی جا سکے۔ اراکین کمیٹی نے موٹر ویز پر قائم سروسز ایریا میں مہنگی اور غیر معیار ی اشیاء کی فروخت پر شدید تشویش کا اظہار کیا۔









عبداللہ مومند اسلام آباد میں رہائش پذیر ایک تحقیقاتی صحافی ہیں۔