Get Alerts

کراچی میں شام 6 بجے کے بعد شہریوں کی غیر ضروری نقل و حرکت پر پابندی لگا دی گئی

کراچی میں شام 6 بجے کے بعد شہریوں کی غیر ضروری نقل و حرکت پر پابندی لگا دی گئی
سندھ میں کورونا وائرس کے کیسز میں اضافے اور کورونا کی انتہائی متعدی قسم 'ڈیلٹا' کے پھیلاؤ میں تیزی کے پیش نظر وزیر اعلیٰ سندھ نے شام 6 بجے کے بعد شہریوں کی غیر ضروری نقل و حرکت پر مکمل پابندی کی ہدایت کی ہے ساتھ ہی کیسز میں کمی نہ آنے پر مزید اقدامات کرنے کا عندیہ دیا ہے۔

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی صدارت میں کورونا وائرس کا صوبائی ٹاسک فورس اجلاس ہوا جس میں صوبائی وزرا، چیف سیکریٹری، آئی جی پولیس، سیکریٹری فنانس، سیکریٹری اسکول ایجوکیشن، سیکریٹری انڈسٹریز، رینجرز اور دیگر اداروں کے نمائندوں نے شرکت کی۔

اجلاس میں سیکریٹری صحت کاظم جتوئی نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ صوبے بھر میں کووڈ 19 کے ٹیسٹ کے مثبت آنے کی شرح 12.7 فیصد ہے جبکہ صرف کراچی میں اس وقت 26.32 فیصد ہے۔

وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا کہ ’یہ سخت پریشانی کی بات ہے کہ کورونا مزید پھیل رہا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ جولائی میں کورونا وائرس کے 362 مریض انتقال کرگئے جن میں سے 64 فیصد، 233 وینٹی لیٹرز پر تھے اور 23 فیصد، 85 مریض وینٹی لیٹرز پر نہیں تھے‘۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ سندھ کے ہسپتالوں میں کل 686 وینٹیلیٹر کے ساتھ انتہائی نگہداشت یونٹ (آئی سی یو) بیڈز ہیں۔

انہوں نے محکمہ لیبر کو 3 ہسپتالوں، پولیس ہسپتال میں کووڈ وارڈز بنانے کی ہدایت دی۔

وزیراعلیٰ نے سروسز اور کورنگی ہسپتال میں ٹینٹ لگا کر کووڈ مریضوں کے لیے انتظام کرنے کی ہدایت کی اور سندھ کے سرکاری ہسپتال، لیاقت آباد اور نیو کراچی ہسپتال کو بھی کورونا سہولیات تیار کرنے کی ہدایت دی۔

اجلاس میں وزیر اعلیٰ سندھ نے کراچی میں شام 6 بجے کے بعد مکمل پابندی لگانے کے لیے آئی جی پولیس اور کمشنر کراچی کو ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ ’اس دوران کوئی غیرضروری گھر سے باہر نہ نکلے‘۔

ان کا کہنا تھا کہ ’مجھے معلوم ہوا ہے کہ ٹیوشن سینٹرز چل رہے ہیں، انکو فوری بند کریں، میں دوبارہ جمعہ کے دن کورونا صورتحال کا جائزہ لوں گا اور اگر صورتحال بہتر نہ ہوئی تو مزید اقدامات کریں گے‘۔



اجلاس میں اسٹیک ہولڈرز کو صورتحال کے بارے میں آگاہ کرنے کے لیے وزیراعلیٰ سندھ نے صوبائی وزرا، ناصر حسین شاہ، مرتضیٰ وہاب اور اویس شاہ پر مشتمل کمیٹی قائم کردی۔

وزیراعلیٰ سندھ نے کمیٹی کو تمام سیاسی جماعتوں سے بھی بات کرنے کی ہدایت دی اور کہا کہ اس صورتحال پر کوئی سیاست نہیں ہونی چاہیے۔

خیال رہے کہ ملک بھر میں کورونا وائرس کے 3 ہزار 262 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔

گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 49 ہزار 412 ٹیسٹس کیے گئے جس کے نتیجے میں کیسز مثبت آنے کی شرح 6.6 فیصد رہی۔