وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے صاحب ثروت افراد کی جانب سے دیے گئے عطیات کے تحت جمع ہونے والے 38 لاکھ 20 ہزار روپے 657 غریب قیدیوں کی دیت اور جرمانوں کی مد میں ادا کر دیے جس کے بعد قیدیوں کی رہائی کا عمل شروع ہو گیا ہے اور اب تک 514 قیدیوں کو رہا کیا جا چکا ہے جب کہ بقیہ 143 قیدیوں کو بھی عید سے قبل رہا کر دیا جائے گا۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت معاشرے کے مختلف طبقات کے ساتھ مل کر قیدیوں کی فلاح و بہبود کے لیے سرگرم عمل ہے۔
انہوں نے مزید کہا، میں نے ذاتی طور پر جائزہ لینے کے لیے پنجاب بھر کی جیلوں کے دورے کیے تاکہ زمینی حقائق کے مطابق فلاحی اقدامات کیے جا سکیں۔
وزیراعلیٰ نے کہا، موجودہ حکومت نے ہر سطح پر سادگی کو فروغ دیا ہے۔ دستیاب وسائل کو منصفانہ انداز سے استعمال کیا جائے گا تاکہ ہر شعبہ یکساں طور پر ترقی کر سکے۔
دریں اثناء، وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے وزیراعلیٰ پنجاب سے فون پر بات چیت کی ہے جس میں دونوں رہنمائوں نے عوامی فلاح و بہبود اور ملکی سیاسی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا۔