پشاور کے علاقے دیر کالونی میں کوہاٹ روڈ پر واقع ایک مدرسے میں دھماکے کے نتیجے میں7 افراد شہید جب کہ 112 سے زائد زخمی ہو گئے۔ ایس ایس پی آپریشنز کے مطابق دھماکا ٹائم بم کے ذریعے کیا گیا جب کہ دھماکا خیز مواد بیگ میں رکھ کر مدرسے لایا گیا تھا۔
دھماکے کی اطلاع ملتے ہی پولیس، سیکیورٹی فورسز اور ریسکیو ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں جہاں امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔ تازہ ترین اطلاعات کے مطابق مدرسے میں ہونے والے دھماکے کے نتیجے میں شہید افراد کی تعداد 7 جب کہ زخمیوں کی تعداد 112 سے زائد ہے۔ ترجمان لیڈی ریڈنگ اسپتال کا کہنا ہے کہ زخمیوں میں زیادہ تر جھلسے ہوئے ہیں اور متعدد کی حالت تشویشناک ہے۔ عینی شاہدین کے مطابق دھماکے کے وقت مدرسے میں ایک ہزار سے 1200 افراد موجود تھےجب مدرسے میں دوسرا پیریڈ شروع ہونے والا تھا کہ ہال میں بیٹھے طلبا کے درمیان اچانک دھماکا ہوا۔ پولیس ذرائع کے مطابق دھماکے میں 4 سے 5 کلو گرام دھماکا خیز مواد استعمال کیا گیا تاہم واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج حاصل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔