پولیس کلچر میں تبدیلی کی کوشش،لاہور کے ہر تھانے میں کمیونٹی گائیڈز تعینات

پولیس کلچر میں تبدیلی کی کوشش،لاہور کے ہر تھانے میں کمیونٹی گائیڈز تعینات
پولیس کلچر میں تبدیلی کیلئے کوشش کرتے ہوئے لاہور کے ہر تھانے میں کمیونٹی گائیڈز کو تعینات کر دیا گیا ہے۔ یہ گائیڈز تھانے میں آنے والے ہر شہری کو ان کے مسائل کے حل کیلئے معاونت اور مدد فراہم کرتے ہیں۔

پولیس ڈیمپارٹمنٹ میں بطور کمیونٹی گائیڈز بھرتی ہونے والوں کو انٹرویوز کے بعد منتخب کیا گیا اور ان کی ورکشاپ کروائی گئی۔ اس کے بعد جو اس کام کیلئے پورے اترتے تھے انہوں نے کوالیفائی کیا۔ کمیونٹی گائیڈز کیلئے باقاعدہ ووٹنگ کروائی گئی۔ ہر تھانے میں ایک سب انسپکٹر یا اسسٹنٹ سب انسپکٹر کو ووٹنگ کے ذریعے چنا گیا تھا۔

کوالیفائی کرنے والوں کو بنیادی ٹریننگ کے بعد لاہور شہر کے مختلف تھانوں میں تعینات کیا گیا تاکہ وہ شہریوں کی مدد کیلئے بطور کمیونٹی گائیڈ کام کریں۔ پولیس کا دعویٰ ہے کہ ان گائیڈز کا بنیادی مقصد عوام کی خدمت ہے، وہ لوگ جو تھانے میں کسی کام کے سلسلے میں بھی آنے سے کتراتے تھے، ان کی مکمل رہنمائی اور ان کے مسائل کا حل ان اہلکاروں کی اولین ذمہ داریوں میں شامل ہیں۔

یہ پولیس اہلکار تھانے کی گیٹ سے ہی سائل کو خوش آمدید کہتے ہیں اور اس کے بعد ان کا چاہے جو بھی مسئلہ ہو اس کو حل کرنے کی کوشش کرتے ہیں، جس میں درخواست لکھنا، کسی واردارت کی رپورٹ وغیرہ شامل ہیں۔ اس کے اندراج کے بعد ایف آئی آر کروانی اور متعلقہ افسر سے ان کو ملوانے اور ان کے مسئلے کے حل کے بعد مطمئن ہونے تک ان کیساتھ رہتے ہیں

شہریوں نے بھی پنجاب پولیس کے اس اقدام کی تعریف کی ہے۔ اس حوالے سے ایک تھانے میں آئے ایک شہری کا کہنا تھا کہ پہلے ہمیں تھانے میں کام کے سلسلے میں تنگ ہونا پڑتا تھا لیکن اب پانچ منٹوں میں کام ہو گیا اور اہلکاروں کو رویہ بھی اچھا ملا۔