اسلام آباد: وزير اعظم کے معاون خصوصی عطا تارڑ کا کہنا ہے کہ وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب کو لندن میں ہراساں کرنے والے افراد کے پاسپورٹ اور ویزے منسوخ کرانے کے لئے وزارت داخلہ میں درخواست دائر کر رہے ہیں۔ ان افراد کے خاندان والوں کو پاکستان میں قانونی نوٹس بھیج رہے ہیں۔ اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے عطا تارڑ نے مزید کہا کہ اس حوالے سے ایک درخواست تیار کر لی گئی ہے اور آج ہی وزارت داخلہ میں جمع کروا دی جائے گی۔
عطا تارڑ نے مزید کہا کہ عمران خان اپنے لوگوں کى حوصلہ افزائى کر رہے ہیں۔ اگر ہم نے بھی اسی طرح حوصلہ افزائى شروع کر دى تو تم لوگوں کا باہر نکلنا مشکل ہوجائے گا۔
انھوں نے کہا کہ 197 ووٹ والے حمزہ شہباز پنجاب کی وزارت اعلیٰ کے عہدے پر نہیں رہ سکے تو پرويز الہىٰ بھی زيادہ عرصہ تک اس منصب پر نہیں رہنے والے اور بہت جلد پنجاب میں دوبارہ مسلم لیگ (ن) کى حکومت قائم ہو گى۔