صوبائی وزیر عطا اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ عمران خان ایک دن بھی جیل نہیں کاٹ سکتا، اسی لئے چھپ کر پشاور بیٹھا ہے۔ یہ گلگت بلتستان یا خیبر پختونخوا کی فورسز کو ڈھال بناتے ہوئے آئیں۔ اسلام آباد میں رانا ثناء اللہ ہیں تو پنجاب میں عطا اللہ تارڑ بھی بیٹھا ہے۔
لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ فرح گوگی کی سربراہی میں چلنے والے مافیاز کا دور اب ختم ہو چکا ہے۔ آج بڑے عرصے بعد فواد چوہدری صاحب نے کالا کوٹ زیب تن کیا۔ فواد چوہدری پہلے رزق کمانے کیلئے کالا کوٹ پہنتے تھے، آج کل جھوٹ بولنے کیلئے پہنتے ہیں۔
گذشتہ روز بھی ایک پریس کانفرنس میں صوبائی وزیر عطا اللہ تارڑ نے کہا تھا کہ عمران خان گرفتاری فوبیا کے مرض میں مبتلا ہیں۔ یہ ایسی نفسیاتی بیماری ہے جس میں مریض گرفتاری کے بجائے بھاگ جانے کو ترجیح دیتا ہے۔ وکلا تحریک میں بھی عمران خان نے ڈٹ کر کھڑا ہونے کی بجائے بھاگنے کو ترجیح دی تھی۔ پچھلے لانگ مارچ میں امن وامان تباہ کیا گیا۔ لانگ مارچ ناکام ہوا اور عمرانی ٹولہ پسپا ہوا۔ گرفتاری اور جیل جانا سیاستدانوں کا شیوہ ہے۔ عمران خان کی 22 سالہ سیاسی زندگی میں جیل کی ہوا کھانے کا کوئی نام و نشان نہیں ہے۔
https://twitter.com/pmln_org/status/1532002871125983232?s=20&t=REwSPOu9Q6FnMS9afdEw1A
ان کا کہنا تھا کہ عمران خان سرکاری وسائل کی وجہ سے پشاور میں پناہ گزین ہیں۔ تحریک انصاف کا ٹولہ کے پی کے حکومت کے وسائل کا بے دریغ استعمال کر رہا ہے۔ عوام کے جان و مال کا تحفظ ہماری آئینی اور قانونی ذمہ داری ہے۔ ہم پولیس کے جوانوں اور افسران کے ساتھ ڈٹ کر کھڑے ہیں۔ جن لوگوں نے سرکاری املاک کو نقصان پہنچایا قانون ان کو اپنی گرفت میں لے گا۔
عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ عمرانی ٹولے نے معیشت کا حشرنشر کیا، ایک میگا واٹ بجلی کا نیا کارخانہ نہیں لگایا۔ یہ لوگ ملک میں انارکی پھیلانا چاہتے ہیں اور ہم ہر صورت حکومتی رٹ قائم کریں گے۔ کے پی کے وزیر اعلی نے سرکاری وسائل استعمال کرتے ہوئے وفاق پر حملہ کیا۔ پی ٹی آئی رہنما بڑے شوق سے گرفتاری پیش کرتے رہے۔ اپنی فورس کے تحفظ کے لئے ہر ممکن قانونی معاونت فراہم کریں گے۔
https://twitter.com/pmln_org/status/1532002705530658819?s=20&t=REwSPOu9Q6FnMS9afdEw1A
ان کا کہنا تھا کہ حکومت اور موجودہ کابینہ اپنی سپاہ کے ساتھ چٹان کی طرح کھڑی ہے۔ پنجاب حکومت نے 200 ارب روپے سالانہ آٹے پر سبسڈی دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ 10کلو آٹے کا تھیلہ ہر جگہ 490 روپے میں دستیاب ہو گا۔ عوام کی معاشی حالت بہتر بنانا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ پنجاب حکومت کچھ روز میں چینی اور گھی پر سبسڈی کا اعلان کرے گی۔ پنجاب نے 50 لاکھ ٹن گندم پروکیور کی ہے۔ پرائس کنٹرول کمیٹیوں کو فعال کر دیا گیا ہے۔ ہم نے تمام افسران کی تعیناتیاں خالصتا میرٹ پر کی ہیں۔
صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ حکومت نے جرائم پیشہ افراد کے گرد شکنجہ سخت کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ کچے کے علاقے میں جرائم پیشہ افراد کا قلع قمع کیا جائے گا۔ قتل و غارت، ڈکیتی، ریپ، سنیچنگ اور دیگر جرائم میں ملوث افراد کے ساتھ سختی سے نمٹنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ فرح گوگی کے خلاف کارروائی کا فیصلہ کر لیا ہے۔