قبائلی اضلاع کی سیاست میں سیاحت کی انٹری

قبائلی اضلاع کی سیاست میں سیاحت کی انٹری
قیمے والے نان اور بریانی کے بعد سیاست میں سیاحت کی انٹری ہوئی ہے، قبائلی اضلاع کے انتخابات میں منتخب ہونیوالے رکن اسمبلی نے 4 ہزار ووٹرز کو وادی کالام کی سیر پر لے جانے کی تیاری مکمل کر لی ہے۔

قبائلی ضلع خیبر سے صوبائی اسمبلی کے منتخب ہونے والے رکن اور سابق ایم این اے کے صاحبزادے نے اپنی کامیابی کی خوشی میں حلقے کے 4000 نوجوانوں کو وادی کلام کی سیر کرانے کا اعلان کیا تھا۔

اس سلسلے میں بتایا گیا ہے کہ اس سے قبل سابق ایم این اے کے بھتیجے نے گذشتہ ہفتے اپنے حلقے پی کے 105 ضلع خیبر کے 8700 پولنگ ایجنٹس، کوارڈی نیٹرز اور حلقے کے نوجوانوں کو وادی کالام کی سیر کرائی، ان افراد کو ساڑھے 3 ہزار گاڑیوں میں لے جا کر 70 ہوٹلوں میں ٹھہرایا گیا جہاں چار روزہ قیام کے دوران روزانہ ان کے کھانے کیلئے 40 دبنے ذبح کئے جاتے رہے، جس پر مجموعی طور پر 1 کروڑ 3 لاکھ روپے خرچ ہوئے۔

اب پی کے 106 سے بی اے پی کے ہی منتخب رکن صوبائی اسمبلی نے اپنے حلقے کے 4000 نوجوانوں کو کالام لے جانے کا فیصلہ کیا، جس کے لئے انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔ ان افراد کو 25 سو گاڑیوں میں لے جایا جائیگا جب کہ 40 ہوٹل بک کئے گئے ہیں جہاں روانہ 30 دنبے ذبح کر کے ان کی تواضع کی جائے گی۔