Get Alerts

450 کروڑ کا خواب تاش کے پتوں کی طرح بکھر گیا — وار 2 ناکام

ہریتھک روشن کے سٹارڈم پر اب بہت بڑا سوالیہ نشان لگ چکا ہے۔ اس فلم کے لیے انہیں پچاس کروڑ معاوضہ دیا گیا تھا اور منافع میں حصے داری کی بھی بات تھی۔ جونیئر این ٹی آر نے 70 کروڑ معاوضہ لیا، لیکن اب وار 2 کی ناکامی نے ان کے بولی وُڈ کے سفر کو بھی روک دیا ہے۔

450 کروڑ کا خواب تاش کے پتوں کی طرح بکھر گیا — وار 2 ناکام

بولی وُڈ کی بہت بڑی فلم ناکامی سے دوچار ہو گئی ہے۔ وار 2 کی ناکامی نے ہریتھک روشن کے اسٹارڈم پر سوالیہ نشان لگا دیا ہے، اور ساتھ ہی جونیئر این ٹی آر کے بولی وُڈ کی طرف اٹھتے قدم بھی رک گئے ہیں۔

وار 2 محض ایک فلم کی ناکامی نہیں ہے بلکہ اس نے آنے والے کئی بڑے فلمی منصوبوں پر بھی سوال کھڑے کر دیے ہیں۔ بولی وُڈ کی فلموں پر بھاری سرمایہ کاری کرنے والے بھی سوچنے پر مجبور ہو گئے ہیں۔ گزشتہ دو سالوں میں چند بڑے بجٹ کی فلموں کی ناکامیاں — جیسے پرتھوی راج کمار، سکندر، کسی کا بھائی کسی کی جان، بڑے میاں چھوٹے میاں — اور دوسری طرف چھوٹے بجٹ کی فلموں غدر 2 اور استری 2 کی فقید المثال کامیابیاں یہ ثابت کرتی ہیں کہ بڑا بجٹ فلم کی کامیابی کی ضمانت نہیں ہوتا، بلکہ اچھا اسکرپٹ اور جاندار ہدایتکاری ہی فلم کو کامیاب بناتے ہیں۔

وار 2 کی ناکامی کی بنیادی وجہ کمزور اسکرپٹ اور کمزور ہدایتکاری تھی۔ 450 کروڑ کا بجٹ بھی فلم کو ناکامی سے نہ بچا سکا۔ جب تک فلم کی بنیاد مضبوط اسکرپٹ پر نہ ہو، تو پوری عمارت تاش کے پتوں کی طرح بکھر جاتی ہے۔

ہریتھک روشن کے سٹارڈم پر اب بہت بڑا سوالیہ نشان لگ چکا ہے۔ اس فلم کے لیے انہیں پچاس کروڑ معاوضہ دیا گیا تھا اور منافع میں حصے داری کی بھی بات تھی۔ جونیئر این ٹی آر نے 70 کروڑ معاوضہ لیا، لیکن اب وار 2 کی ناکامی نے ان کے بولی وُڈ کے سفر کو بھی روک دیا ہے۔

بعد از کورونا ہریتھک روشن کی تین فلمیں ریلیز ہوئیں: وکرم ویدھا ناکام رہی، فائٹر اوسط درجے کی ہٹ ثابت ہوئی، اور اب وار 2 بھی فلاپ ہو گئی ہے۔ یوں لگتا ہے کہ ہریتھک روشن کا اسٹارڈم لڑکھڑانے لگا ہے۔ ہریتھک کے والد راکیش روشن کے ادارے فلم کرافٹ نے یش راج بینرز کے ساتھ کرش سیریز کی ایک بڑے بجٹ کی فلم پلان کی تھی، مگر اب اس کا بننا مشکل دکھائی دیتا ہے کیونکہ اس کا بجٹ بھی 500 کروڑ بتایا جا رہا ہے۔

یش راج کی اسپائی یونیورس پر بھی سوالیہ نشان لگ گیا ہے۔ وار 2 سے پہلے ٹائیگر 3 بھی بڑی کامیابی حاصل نہ کر سکی تھی۔ اب وار 2 کی ناکامی نے آدتیہ چوپڑا جیسے فلم ساز کو بھی یہ سوچنے پر مجبور کر دیا ہے کہ جب تک اسکرپٹ مضبوط نہ ہو، فلم نہیں چل سکتی۔

ابھی صرف ایک ماہ قبل یش راج بینرز کی فلم سیارہ ایک بہت بڑی بلاک بسٹر ثابت ہوئی۔ صرف پچاس کروڑ کے بجٹ کی یہ فلم دنیا بھر سے 500 کروڑ کما چکی ہے۔ سیارہ کی کامیابی کی سب سے بڑی وجہ بہترین اسکرپٹ اور جاندار ہدایتکاری تھی، جو کہ ایک قابل ہدایتکار موہت سوری نے کر دکھائی۔ وہ کام جو موہت سوری نے 50 کروڑ کے بجٹ میں کر دکھایا، وہ آیان مکھرجی 450 کروڑ کے بجٹ کے ساتھ بھی نہیں کر سکے۔

لہٰذا بولی وُڈ کے ہر فلم ساز کے لیے یہ ایک سبق ہے: فلم کی بنیاد صرف ایک طاقتور اسکرپٹ پر کھڑی کی جا سکتی ہے۔ اگر اسکرپٹ کمزور ہو تو پوری عمارت تاش کے پتوں کی طرح بکھر جاتی ہے۔

حسنین جمیل 17 سال سے صحافت سے وابستہ ہیں۔ وہ افسانوں کی تین کتابوں؛ 'کون لوگ'، 'امرتسر 30 کلومیٹر' اور 'ہجرت' کے مصنف ہیں۔