Get Alerts

عمران خان نااہل؟ فواد چوہدری کے وزیراعظم سے خفیہ رابطے کی آڈیو لیک منظر عام پر آگئی

عمران خان نااہل؟ فواد چوہدری کے وزیراعظم سے خفیہ رابطے کی آڈیو لیک منظر عام پر آگئی
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما فواد چوہدری نے پارٹی رہنما اور سابق وزیراعظم عمران خان کی ممکنہ نااہلی کے پیشِ نظر حکومت سے بیک ڈور رابطے شروع کر دیئے۔ ٹیلی فونک رابطے کی ایک اور آڈیو لیک منظر عام پر آگئی۔

پی ٹی آئی کے رہنما فواد چوہدری کی ذوالفقار احمد, جو کہ سلیمان شہباز کے قریبی دوست ہیں, ان کے ساتھ ہونے والی ٹیلی فونک گفتگو لیک ہو گئی ہے۔

لیک آڈیو میں فواد چوہدری کال سے قبل ذوالفقار احمد کو بھیجے گئے پیغام سے متعلق وضاحت کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی جماعتیں آپس میں بات کریں۔

ذوالفقار احمد  نے استفسار کرتے ہوئے کہا کہ بات تو آپ کی صحیح ہے لیکن اس کا مطلب کیا ہے اتنا لمبا پیغام مجھ سے پڑھا ہی نہیں گیا۔

پی ٹی آئی رہنما نے جواب دیا کہ مطلب یہ کہ سیاست دانوں کو آپس میں فریم ورک آپس میں بنانا چاہیئے۔ ہر وقت ہم فوجیوں کو دیکھتے رہتے ہیں کہ یہ اب کیا کریں گے۔

ذوالفقار احمد نے ان کی بات کی تائید کرتے ہوئے کہا کہ چلیں ٹھیک ہے یہ ریلیونٹ رپورٹ ہے یہ بھیج دوں

فواد چوہدری  نے کہا کہ جی سلیمان کو بھیجو۔ اس سے کہو کہ  سیاست دانوں کو آپس میں بات کرکے فریم ورک بنانا چاہیئے۔ اس میں فوجیوں کو کیا کرنا۔

وافاقی وزیر اطلاعات نے مزید کہا کہ ان سے یہ پوچھو کہ آپ پی ٹی آئی سے کیا رعایت چاہتے ہیں۔ کیا کرے پی ٹی آئی؟

ذوالفقار احمد  نے چیئرمین تحریک انصاف کی نااہلی کے حوالے سے پوچھا کہ مجھے لگتا ہے یہ عمران خان کو نااہل کردیں گے۔

اس پر فواد چوہدری نے کہا کہ کردیں گے تو رولا ہی ہے نہ۔

ذوالفقار احمد نے فواد چوہدری  سے پوچھا کہ  میں شہباز شریف کو ڈائریکٹ بھیج دوں یا سلیمان کو بھیجوں؟

فواد چوہدری نے ہدایت دی کہ میسج براہ راست شہباز شریف کو بھیجیں۔ میں چھوٹا سا میسج بنا کر بھیجتا ہوں۔

ذوالفقار احمد  نے کہا کہ چلیں وہ بھی بنوا کر بھیجیں۔ ڈن سر ڈن۔

واضح رہے کہ اس سے قبل بھی ذوالفقار احمد، فواد چوہدری اور شریف فیملی کے درمیان رابطوں کا کردار ادا کرتے رہے ہیں۔

ذوالفقار احمد کا نام شہاز شریف کے خلاف نیشنل کرائم ایجنسی کی انکوائری میں بھی سامنے آیا تھا۔

نیشنل کرائم ایجنسی نے شہباز شریف کے ساتھ ساتھ گلاسگو سے تعلق رکھنے والے بزنس میں ذوالفقار احمد کے حوالے سے انکوائری کی تھی۔ تاہم این سی اے نے انکوائری  کے بعدشہباز شریف کے ساتھ ذوالفقار احمد کا نام بھی کلئیر کردیا تھا۔