Get Alerts

وزیراعظم پٹرول اور بجلی سستی کرنے کا اعلان کریں گے، پرویز خٹک نے تقریر لیک کردی

وزیراعظم پٹرول اور بجلی سستی کرنے کا اعلان کریں گے، پرویز خٹک نے تقریر لیک کردی
وزیر دفاع پرویز خٹک نے وزیراعظم کے متوقع قوم سے خطاب کی تقریر کا مواد لیک کردیا۔

وزیر دفاع پرویز خٹک کا کہنا ہے کہ وزیراعظم عمران خان آج قوم سے خطاب میں پٹرول 10 روپے سستا کرنے کا اعلان کریں گے۔

انہوں نے نوشہرہ میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مزید کہا کہ بین الاقوامی سطح پر پٹرول سستا تو نہیں مل رہا لیکن ڈھائی سو ارب حکومت دے گی جس سے پٹرول کی قیمت کم ہو گی اور 4 ماہ تک پٹرول مہنگا نہیں ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ اگر عالمی سطح پر بہتری آئی اور پٹرول سستا ہوا تو پھر پٹرول کی قیمتوں میں مزید کمی آجائے گی۔

پرویز خٹک کا کہنا تھا کہ بجلی کی فی یونٹ قیمت میں 5 روپے کی کمی کا اعلان ہو جائے گا۔

تیسرا اہم اعلان یہ ہو گا کہ بےروزگار بی اے پاس افراد کو ماہانہ 10 سے 20 ہزار روپے دیے جائیں گے۔قبل ازیں وزیرِ دفاع پرویز خٹک کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان بہت جلد پیٹرول اور بجلی کی قیمتوں میں کمی کا اعلان کریں گے۔

کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے پرویز خٹک نے کہا کہ اپوزیشن لانگ مارچ، عدم اعتماد کا شوق پورا کرے، وزیراعظم عمران خان کی حکومت کہیں نہیں جا رہی۔

پرویز خٹک نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان بہت جلد قوم سے خطاب کریں گے۔ انہوںنے کہاکہ وزیراعظم عمران خان عدم اعتماد کے اصل حقائق قوم کے سامنے لائیں گے اور جلد پیٹرول اور بجلی کی قیمتوں میں کمی کا اعلان بھی کریں گے۔

علاوہ ازیں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا بھی کہنا ہے کہ وزیراعطم عمران خان آج قوم سے خطاب میں بہت بڑا اعلان کریں گے۔

جیکب آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان آج شام 6 بجے قوم سے خطاب کریں گے۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ وہ آج قوم سے بڑا اعلان کرنے جا رہے ہیں،قوم تیار ہو جائے وزیراعظم آج دل کی بات کریں گے اور قوم سے کھل کر بات کریں گے۔