Get Alerts

میرے خطاب سے پہلے تقریر کے نکات لیک کیوں کیے؟ وزیراعظم پرویز خٹک سے ناراض

میرے خطاب سے پہلے تقریر کے نکات لیک کیوں کیے؟ وزیراعظم پرویز خٹک سے ناراض
میرے خطاب سے پہلے تقریر کے نکات لیک کیوں کیے؟ وزیراعظم پرویز خٹک سے ناراض ہوگئے۔

وزیر اعظم عمران خان نے وزیر دفاع پرویز خٹک سے ناراضی کا اظہارکیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم نے پرویز خٹک سے ناراضی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’میرے خطاب سے پہلے عوام کو خوش خبری کیوں سنائی؟‘

ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے مزید کہا کہ جب سب کو منع کیا تھا تو پھر آپ کو یہ بیان دینے کی کیا ضرورت تھی؟

ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے پرویز خٹک کو اس حوالے سے اپنا پیغام بھجوا دیا ہے۔

خیال رہے کہ وزیر دفاع پرویز خٹک نے وزیراعظم کے متوقع قوم سے خطاب کا مواد لیک کردیا تھا۔

وزیر دفاع پرویز خٹک کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان قوم سے خطاب میں پٹرول 10 روپے سستا کرنے کا اعلان کریں گے۔

انہوں نے نوشہرہ میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ بین الاقوامی سطح پر پٹرول سستا تو نہیں مل رہا لیکن ڈھائی سو ارب حکومت دے گی جس سے پٹرول کی قیمت کم ہو گی اور 4 ماہ تک پٹرول مہنگا نہیں ہو گا۔

پرویز خٹک نے وزیراعظم کی تقریر سے قبل کہہ دیا تھا کہ اگر عالمی سطح پر بہتری آئی اور پٹرول سستا ہوا تو پھر پٹرول کی قیمتوں میں مزید کمی آجائے گی۔

پرویز خٹک کا کہنا تھا کہ بجلی کی فی یونٹ قیمت میں 5 روپے کی کمی کا اعلان ہو جائے گا۔تیسرا اہم اعلان یہ ہو گا کہ بےروزگار بی اے پاس افراد کو ماہانہ 10 سے 20 ہزار روپے دیے جائیں گے۔قبل ازیں وزیرِ دفاع پرویز خٹک کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان بہت جلد پیٹرول اور بجلی کی قیمتوں میں کمی کا اعلان کریں گے۔

کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے پرویز خٹک نے کہا کہ اپوزیشن لانگ مارچ، عدم اعتماد کا شوق پورا کرے، وزیراعظم عمران خان کی حکومت کہیں نہیں جا رہی۔ پرویز خٹک نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان بہت جلد قوم سے خطاب کریں گے۔ انہوں نے کہاکہ وزیراعظم عمران خان عدم اعتماد کے اصل حقائق قوم کے سامنے لائیں گے اور جلد پیٹرول اور بجلی کی قیمتوں میں کمی کا اعلان بھی کریں گے۔

علاوہ ازیں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے براہِ راست تو نہیں بتایا تھا تاہم ان کا کہنا تھا کہ وزیراعطم عمران خان قوم سے خطاب میں بہت بڑا اعلان کریں گے۔

جیکب آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان قوم سے خطاب کریں گے۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ وہ آج قوم سے بڑا اعلان کرنے جا رہے ہیں،قوم تیار ہو جائے وزیراعظم آج دل کی بات کریں گے اور قوم سے کھل کر بات کریں گے۔