آرمی چیف کی نڈر پولیس آفیسر شہربانو نقوی سے ملاقات، خاتون کو مشتعل ہجوم سے بچانے پر سراہا

آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے کہا کہ خواتین کا احترام مذہب کے ساتھ ساتھ ہماری معاشرتی اقدار میں بھی شامل ہے۔ بدعت کی بنیاد پر من مانی کارروائیاں معاشرے کے نقطہ نظر کو کمزور کرتی ہیں۔ تحفظات اور شکایات کے حل کے لیے قانونی راستے میسر ہوتے ہوئے قانون کو ہاتھ میں نہ لیا جائے۔

آرمی چیف کی نڈر پولیس آفیسر شہربانو نقوی سے ملاقات، خاتون کو مشتعل ہجوم سے بچانے پر سراہا

آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے اسسٹنٹ سپرنٹنڈنٹ آف پولیس سیدہ شہربانو نقوی کو غیر یقینی صورتحال پر قابو پانے میں پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ  کرنے پر سراہا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے بیان میں کہا کہ آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نشانِ امتیاز (ملٹری) سے اے ایس پی سیدہ شہربانو نقوی نے جنرل ہیڈ کوارٹرز (جی ایچ کیو) میں ملاقات کی۔

آرمی چیف نے  اے ایس پی شہربانو کی ڈیوٹی کے دوران بے لوث لگن اور ایک غیر یقینی صورتحال پر قابو پانے میں پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ پیش کرنے پر تعریف کی۔

تازہ ترین خبروں اور تجزیوں کے لیے نیا دور کا وٹس ایپ چینل جائن کریں

اس موقع پر آرمی چیف نے کہا کہ پاکستانی خواتین زندگی کے تمام شعبوں میں اہم کردار ادا کر رہی ہیں۔ آزادی کے بعد سے پاکستانی خواتین نےقابلیت، استقامت ،عزم سے خود کو ممتاز کیا۔ اور معاشرے کے تمام شعبوں میں اہم کردار ادا کر رہی ہیں۔ ہماری خواتین پاکستانی معاشرے کا ایک انمول حصہ ہیں۔ 

آرمی چیف نے مزید کہا کہ خواتین کا احترام مذہب کے ساتھ ساتھ ہماری معاشرتی اقدار میں بھی شامل ہے۔ بدعت کی بنیاد پر من مانی کارروائیاں معاشرے کے نقطہ نظر کو کمزور کرتی ہیں۔ تحفظات اور شکایات کے حل کے لیے قانونی راستے میسر ہوتے ہوئے قانون کو ہاتھ میں نہ لیا جائے۔ آرمی چیف نےاس موقع پر قانون نافذ کرنیوالے اداروں کی قربانیوں کو بھی سراہا۔

آرمی چیف نے سماجی ہم آہنگی کی اہمیت اور عدم برداشت کو روکنے کے لیے ملک گیر اتفاق رائے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔

واضح رہے کہ نڈر آفیسر شہربانو نقوی نے 26 فروری 2024 کو لاہور کے اچھرہ بازار کے مشتعل ہجوم سے ایک خاتون کو بحفاظت نکالا۔ خاتون نے ایسا کرتا پہنا ہوا تھا ،جس پر عربی زبان میں کچھ حروف لکھے تھےجس کے بعد وہاں موجود لوگوں نے سمجھا کہ یہ کچھ مذہبی کلمات ہیں اور اس معاملے نے ایک غلط فہمی کو جنم دیا۔

اس پیچیدہ صورتحال کو خاتون اے ایس پی شہربانونقوی نے سنبھالا اور بہت بہادری سے خاتون کو بحفاظت نکالا اور اپنے ساتھ لے گئیں۔