مسلم لیگ ق نے پنجاب میں حکومت بنانے کے لئے پیپلز پارٹی سے رابطہ کر لیا

مسلم لیگ ق نے پنجاب میں حکومت بنانے کے لئے پیپلز پارٹی سے رابطہ کر لیا
پاکستان تحریک انصاف کے لئے ایک نیا محاذ تیار، اہم اتحادی کی جانب سے بے وفائی کی خبریں سامنے آنے لگیں۔

سینئر تجزیہ کار چوہدری غلام حسین نے نجی ٹی وی کے پروگرام میں بتایا کہ خبر یہ ہے کہ مسلم لیگ ق کی قیادت نے سابق صدر آصف زرداری سے رابطہ کیا ہے کہ پنجاب اسمبلی میں 6 ارکان ہمیں دے دیں، ہمارے 10 ارکان ہیں، 4 آزاد ارکان ہیں، ایک جھنگ سے ہے، 21 ارکان یہ ہو گئے ہیں، باقی مسلم لیگ ن کے ارکان ہیں، ہم مل کر پنجاب میں حکومت بناتے ہیں۔

آصف زرداری کو مزید بتایا گیا کہ جب ہم پنجاب میں حکومت بنا لیں گے تو پھر عمران خان وفاق میں بھی حکومت نہیں چلا سکیں گے۔

واضح رہے وزیراعظم عمران خان نے گذشتہ روز ارکان اسمبلی پر واضح کیا تھا کہ عثمان بزدار ہی وزیر اعلیٰ رہیں گے۔ جانتا ہوں کون سازشی ہے، نیا وزیراعلیٰ 20 روز بھی نہیں چل سکے گا، خیبرپختونخوا اسمبلی کے 3 وزرا فارغ کر دیے کسی بھی صورت دباؤ میں نہیں آئیں گے، ہمیشہ چیلنجز کا سامنا کیا ہے اور آئندہ بھی کریں گے۔

وزیراعظم نے مزید کہا تھا کہ میرے لیے سب اراکین اسمبلی قابل احترام ہیں، بیوروکریسی بھی سیاسی نمائندوں کا احترام کرے۔